حکومت نے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت پٹرول پمپس اور پٹرولیم سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ملک گیر مہم کا آغاز کر دیا

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):حکومت نے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت پیٹرول پمپس اور پیٹرولیم سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ملک گیر مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد سمگلنگ کی روک تھام، غیر قانونی فروخت کا خاتمہ اور مجاز ڈیلرز کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔پیر کووزارت پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان اصلاحات کا بنیادی ہدف پیٹرولیم ویلیو چین کے تمام …

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):حکومت نے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت پیٹرول پمپس اور پیٹرولیم سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ملک گیر مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد سمگلنگ کی روک تھام، غیر قانونی فروخت کا خاتمہ اور مجاز ڈیلرز کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔پیر کووزارت پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان اصلاحات کا بنیادی ہدف پیٹرولیم ویلیو چین کے تمام مراحل درآمدات، ریفائنریز، نقل و حمل اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کو ایک مضبوط ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے تحت مربوط کرنا ہے تاکہ حقیقی وقت میں نگرانی، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکےاس ضمن میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کامیابی سے موبائل ایپلی کیشن “ راہگزار ” متعارف کرائی ہے جو ملک بھر میں قانونی طور پر کام کرنے والے پٹرول پمپس سے متعلق تصدیق شدہ معلومات فراہم کرتی ہے۔

یہ ایپ صارفین، ریگولیٹرز اور دیگر متعلقہ فریقین کو مستند اور تازہ ترین ڈیٹا تک رسائی دے کر بااختیار بناتی ہے۔نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اوگرا نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ( پی آئی ٹی بی) کے اشتراک سے ٹینک لاریوں کے لیے متحدہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کیا ہے۔ یہ نظام ای آر پی ڈیٹا، ٹینک لاریوں کی نقل و حرکت، ٹرمینل آپریشنز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کی معلومات کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے۔ آئندہ مرحلے میں پٹرول پمپس کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی جس کے تحت خودکار ٹینک گیجز اور ڈیجیٹل ڈسپنسنگ یونٹس نصب کیے جائیں گے تاکہ ڈاؤن سٹریم شعبے کی مؤثر اور مسلسل نگرانی ممکن ہو سکے۔اپ سٹریم شعبے میں پاکستان نے 18 سال کے طویل وقفے کے بعد آف شور بولی کے کے کامیاب انعقاد سے رواں سال ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ۔

اس میں 23 ایکسپلوریشن بلاکس کے لیے بولیاں موصول ہوئیں شفافیت اور کارکردگی کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لیےڈائریکٹوریٹ جنرل آف پیٹرولیم کنسیشنز (ڈی جی پی سی) بطور شعبہ ریگولیٹر ایک نیا آن لائن پورٹل اور ویب سائٹ لانچ کر رہا ہے جس کے ذریعے تیل و گیس کی تلاش و پیداوار (ای اینڈ پی) بلاکس کی ڈیجیٹل بولی ممکن ہو سکے گی۔ اس پورٹل کے ذریعے کمپنیاں رجسٹریشن، بلاکس کی تفصیلات تک رسائی اور بولیوں سمیت معاون دستاویزات آن لائن جمع کرا سکیں گی۔وزارتِ توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کے محکمہ نے ایکسپلوزِوز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (ای ٹی ٹی ایس) تیار کیا ہے تاکہ سپلائی چین کی مؤثر نگرانی اور ضابطہ بندی کی جا سکے۔

ای ٹی ٹی ایس کے دو مراحل کامیابی سے نافذ کیے جا چکے ہیں جو مینوفیکچررز سے لے کر آخری صارفین تک سپلائی چین کی حقیقی وقت میں نگرانی کو یقینی بناتے ہیں۔ یہ نظام غیر قانونی استعمال کی روک تھام، محفوظ ترسیل اور شفافیت و جوابدہی کو فروغ دیتا ہے۔ان اصلاحات کو مضبوط قانونی بنیاد فراہم کرنے کے لیے پٹرولیم ایکٹ 1934 میں ترامیم نافذ کی گئی ہیں۔ ان ترامیم کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے آئی ٹی پر مبنی ٹریکنگ متعارف کرائی گئی ہے، کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی ضبطی کی شقیں شامل کی گئی ہیں جبکہ غیر قانونی فروخت، ذخیرہ اندوزی اور نقل و حمل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت سزاؤں کا بھی تعین کیا گیا ہے۔

گیس کے شعبے میں پٹرولیم ڈویژن نے طویل المدتی طلب و رسد ماڈل، قیمتوں کا تعین کرنے کا ماڈل اور سرکلر ڈیٹ رپورٹنگ ٹول تیار کیا ہے تاکہ اس شعبے میں طلب و رسد اور مالی معاملات میں شفافیت کویقینی بنایا جا سکے۔یہ وسیع البنیاد ڈیجیٹل اور قانونی اصلاحات پٹرولیم شعبے کی جدید خطوط پر تنظیمِ نو، غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی ریگولیٹری فریم ورک کے قیام کے لیے حکومتِ پاکستان کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔