چکوال میں آئیسکو لائن سپرنٹنڈنٹ مبینہ طور پر 25,000 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے چکوال میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کئے گئے ٹریپ آپریشن کے دوران اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے چکوال میں لائن سپرنٹنڈنٹ کو مبینہ طور پر 25,000 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے چکوال میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کئے گئے ٹریپ آپریشن کے دوران اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے چکوال میں لائن سپرنٹنڈنٹ کو مبینہ طور پر 25,000 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کے ایک اہلکار نے ہفتہ کو اے پی پی کو بتایا کہ اینٹی کرپشن سرکل (اے سی سی) اسلام آباد نے 28 اگست کو کارروائی کی اور ساجد فاروق، لائن سپرنٹنڈنٹ (LS-I)چکوال کو موقع سے گرفتار کیا۔کارروائی جوڈیشل مجسٹریٹ چکوال فاروق احمد کی نگرانی میں کی گئی، ملزم کے قبضے سے 25 ہزار روپے کی نشان زد کرنسی برآمد ہوئی ہے۔برآمد شدہ رقم میں 5000 روپے کے پانچ کرنسی نوٹ شامل ہیں جو شکایت کنندہ ملک زاہد ولد گل زمان نے ادا کیے تھے۔ایف آئی اے نے پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 109 اور 161 کے تحت ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 42/2026 درج کی، جسے انسداد بدعنوانی ایکٹ 1947 کے سیکشن 5(2) کے ساتھ پڑھا جائے۔اہلکار نے کہا کہ تفتیش کے دوران آئیسکو کے دیگر افسران یا ملازمین کے ممکنہ کردار کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور اگر ان کی شمولیت ثابت ہوئی تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ٹریپ آپریشن ایف آئی اے کی ٹیم نے کیا جس میں ایس ایچ او شہزاد خاکوانی، انسپکٹر اسفندیار خان، اے ایس آئی سہیل اور اے ایس آئی وسیم شامل تھے۔ایف آئی اے اسلام آباد زون نے سرکاری اداروں میں بدعنوانی اور رشوت ستانی میں ملوث عناصر کا پیچھا کرنے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔