گورنر سندھ سے ملائیشیا کے قونصل جنرل کی ملاقات

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے ملائیشیا کے نو تعینات قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم نے گورنر ہائوس میں اہم ملاقات کی

کراچی۔ 29 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے ملائیشیا کے نو تعینات قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم نے گورنر ہائوس میں اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کا حجم بڑھانے اور عوامی و کاروباری روابط کو مزید مستحکم کرنے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔ہفتہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ وفود کے تبادلوں کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے ملائیشین سیاحوں کو پاکستان آمد کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور شمالی علاقہ جات سمیت پاکستان بھر میں پرکشش سیاحتی مقامات موجود ہیں۔انہوں مزید کہا کہ دونوں ممالک کے فلم فیسٹیولز کا انعقاد ایک دوسرے کی ثقافت اور معاشرتی اقدار کو سمجھنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستانی سرجیکل آلات کی دنیا بھر میں زبردست طلب ہے اور ملائیشیا کے ساتھ اس شعبے میں تعائون کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔اس موقع پر ملائیشیا کے قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم نے جلد ملائیشین ایئر لائنز کی کراچی کے لیے پروازوں کے آغاز کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اکانومی ڈپلومیسی کا فروغ ہماری اہم ترجیحات میں شامل ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت بالخصوص ویجیٹیبل آئل کے شعبے کو مزید فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔ ملائیشین قونصل جنرل نے عزم ظاہر کیا کہ ٹیکنالوجی، الیکٹرک گاڑیوںاور سولر انرجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔