حکومت نے رواں سال سردیوں کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ گھریلو صارفین کو گیس کی بندش کا سامنا نہ کرنا پڑے،معاون خصوصی برائے پیٹرولیم

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ حکومت نے رواں سال سردیوں کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ گھریلو صارفین کو گیس کی بندش کا سامنا نہ کرنا پڑے، گیس کی قیمتیں بھی نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صارفین گیس کے استعمال کے مطابق ہی بل دیں گے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو …

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ حکومت نے رواں سال سردیوں کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ گھریلو صارفین کو گیس کی بندش کا سامنا نہ کرنا پڑے، گیس کی قیمتیں بھی نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صارفین گیس کے استعمال کے مطابق ہی بل دیں گے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر گیس کی پیداوار کا عمل چار سے پانچ سال کا ہوتا ہے، بدقسمتی سے سابقہ حکومت نے کوئی نیا بلاک ٹینڈر نہیں کیا جس کا اثر اگلے پانچ سال نظر آئے گا، گزشتہ کئی سالوں سے بلاک ٹینڈر نہ ہونے کی وجہ سے گیس کی سالانہ پیدوار میں 7 سے 9 فیصد کمی ہوئی ہے، ڈیمانڈ اور سپلائی کے فرق کو ختم کرنے کیلئے ہمیں ایل این جی درآمد کرنا پڑے گی۔ ندیم بابر نے کہا کہ سردیوں میں گھریلو صارفین کی ڈیمانڈ 3 گنا زیادہ ہوتی ہے اسلئے دسمبر اور جنوری میں ساڑھے چار پانچ سو ملین کیوبک فٹ گیس کی قلت ہو گی، سندھ حکومت نے ایک خط کے ذریعے 17 کلو میٹر نئی پائپ لائن بچھانے کی اجازت دی ہے جس پر کام شروع کر دیا گیا ہے، امید ہے کہ دسمبر کے وسط تک یہ پائپ لائن مکمل ہو جائے گی جس کے بعد گیس کی کمی کی شکایت پر قابو پالیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین اور ایکسپورٹ انڈسٹری ک کے لیے گیس کم نہیں کریں گے البتہ سی این جی اسٹیشنز کو ہفتے میں ایک بار سپلائی دی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر کسی قسم کی کوئی چیز منظور نہیں کی کہ یہ ایک بلین ڈالر میں منظور ہو جائے گا، ایک ممبر نے ہوائی تخمینہ لگایا ہے جو کہ صریحاً غلط ہے۔ جی آئی ڈی سی رقم کی ریکوری کے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کئی انڈسٹری گروپ نے ریویو پیٹیشن دائر کی ہے اور سپریم کورٹ کی طرف سے فیصلہ آنے کے بعد ہی مکمل ریکوری ممکن ہو سکے گی تاہم کئی کمپنیاں رقم دے چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نجی سرمایہ کاروں کو اجازت دی ہے کہ اگر وہ ٹرمینلز لگانا چاہتے ہیں تو لگائیں لیکن حکومت انہیں کوئی فنانشل گارنٹی نہیں دے گی۔

مزید خبریں