سیالکوٹ 12فروری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صنعت و تجارت ترقی کرے گی تو ملک آگے بڑھے گا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں صنعتی انقلاب کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف …
حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں صنعتی انقلاب کیلئے دن رات کام کر رہی ہے،وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

مزید خبریں
سیالکوٹ 12فروری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صنعت و تجارت ترقی کرے گی تو ملک آگے بڑھے گا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں صنعتی انقلاب کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے دورہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان امن کے سفیر بن کر آگے بڑھے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت سے پہلے سکیورٹی صورتحال کی وجہ سے پاکستان کا منفی تشخص پایا جاتا تھا جس کی وجہ سے صنعتیں بند ہوئیں جنہیں چلانے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان کا حلقہ انتخاب دیہاتی علاقوں پر مشتمل ہے جہاںغریب لوگ آباد ہیں، اگر صنعت کا پہیہ چلے گا تو لوگوں کو روزگار ملے گا اور اس سے ان کے گھروں کا چولہا جلے گا، سابق حکومتوں میں ہونے والی غلطیوں کی ہمیں بھاری قیمت ادا کرنا پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں روشن پاکستان کے لیے صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں اور صنعتی انقلاب سے ہی پاکستان آگے بڑھ سکے گا۔ اس سے قبل معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ کمپیوٹنگ کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوانوں کو روایتی تعلیم سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈکمپیوٹنگ پروگرام کی طرف لانا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا انقلابی اقدام ہے، اس پروگرام سے ہمارے نوجوان پاکستان کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے اور آگے بڑھ کر یہ ثابت کر دیں گے کہ پاکستانی نوجوان کسی سے کم نہیں، ان کے اندر خداداد صلاحیتیں ہیں اور وہ ٹیلنٹ موجود ہے جو کسی بھی قوم کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی52 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک وہاں کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ آگے نہ بڑھیں، پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے خواتین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، صدر مملکت اس پروگرام میںخواتین کو شامل کرکے ایک انقلابی قدم اٹھا رہے ہیں ۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سیالکوٹ آمد پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صدر مملکت کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے نوجوانوں کی حالت زار بہتر ہو گی اور ملک ترقی کی طرف گامزن ہوگا۔








