حکومت پائلٹس کو جعلی لائسنسز جاری کرنے میں ملوث مافیا کے ساتھ آئینی ہاتھوں سے نمٹے گی ،وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ حکومت پائلٹس کو جعلی لائسنسز جاری کرنے میں ملوث مافیا کے ساتھ آئینی ہاتھوں سے نمٹے گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سب گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں ہوا ہے، ان لوگوں نے پی آئی اے اور اسٹیل ملز سمیت …

اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ حکومت پائلٹس کو جعلی لائسنسز جاری کرنے میں ملوث مافیا کے ساتھ آئینی ہاتھوں سے نمٹے گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سب گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں ہوا ہے، ان لوگوں نے پی آئی اے اور اسٹیل ملز سمیت دیگر قومی اداروں میں میرٹ سے ہٹ کر سیاسی بھرتیاں کیں اور اداروں کو تباہ کیا۔ غلام سرور خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 2018ءمیں معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا تھا اور اب تک 700 کے قریب لوگوں کو جعلی ڈگریوں کی وجہ سے نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے جن میں پائلٹس، انجنیئرز اور ٹیکنیشنز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بدعنوانی کے معاملات میں زیروٹالرنس پالیسی رکھتے ہیں، پی آئی اے ملازمین کے خلاف 2018ءسے تحقیقات جاری ہیں، 262 پائلٹس کے لائسنس جعلی نکلے، پائلٹس اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ذمہ داروں کو نہ صرف نوکریوں سے برخاست کیا جائے گا بلکہ انہیں جیل بھی بھیجا جائے گا۔ وفاقی وزیر ہوابازی نے کہا کہ رواں سال سول ایوی ایشن اتھارٹی میں اصلاحات ہوں گی، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی تعنیاتی کیلئے اشتہارات دے دیئے ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو حصوں میں تقسیم کر رہے ہیں، ریگولیٹری اور کمرشل کیلئے الگ الگ ڈی جیز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاونین خصوصی اور مشیروں کی طرف سے اثاثے ظاہر کرنے کا سہرا وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے۔