حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کا کام ہے ، وفاقی حکومت عوام اور ملک کی خدمت کے مشن کو لیکر آگے بڑھ رہی ہے،وفاقی وزیر شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

70
زرداری ٹولے کا مشن کرپشن اور لوٹ مار ہے ،پیپلزپارٹی کا نام نہاد لانگ مارچ شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا،عوام ظالم لٹیروں سے سندھ کی پسماندگی کا حساب لیں گے،وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت گھبراہٹ کا شکار نہیں، پارلیمانی جمہوری نظام کی روح اخلاقیات کے اوپر ہے، وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ انتخابات کے نتائج آنے کے بعد قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیکر اخلاقی فرض ادا کیا جس میں وہ سرخرو رہے، اپوزیشن کو تنقید کرنے کی بجائے وزیراعظم کے جرات مندانہ فیصلے کو سراہانا چاہیے، حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کا کام ہے اور یہ سلسلہ چلتا رہے گا تاہم تحریک انصاف حکومت عوام اور ملک کی خدمت کے مشن کو لیکر آگے بڑھ رہی ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کورونا وائرس کا اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے، اب دوبارہ کیسز بڑھ رہے ہیں اسلئے فوری طور پر احتیاطی اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاکہ وبا پر قابو پایا جا سکے، اسی سلسلے میں بڑے شہروں میں تعلیمی اداروں کو دو ہفتے کیلئے بند کر دیا گیا ہے، امید ہے کہ 28 مارچ کے بعد ہم دوبارہ تعلیمی ادارے کھولنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

شفقت محمود نے کہا کہ پورے ملک میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے اسلئے مشکلات کا سامنا ہے تاہم ہماری پوری کوشش ہے کہ ایسا طریقہ کار بنایا جائے تاکہ ویکسی نیشن مراکز میں رش نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے حوالے سے پوری کوشش کر رہی ہے تاہم عوام کو چاہیے کہ وہ خود بھی ایس او پیز کو فالو کریں تاکہ بحیثیت قوم ہم مل کر مہلک وبا کو شکست دے سکیں، پہلے بھی عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے حوالے سے میڈیا پر مہم چلائی گئی اور اب انہیں مزید آگاہی فراہم کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 75 ڈسکہ ضمنی انتخابات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے انہیں کالعدم قرار دیا جبکہ دوسری جانب سینیٹ انتخابات سے ایک روز قبل یوسف رضاگیلانی کے بیٹے کی مبینہ وڈیو سامنے آئی جو پوری قوم نے دیکھی کہ وہ کسطرح حکومتی ارکان کو رشوت کی پیشکش کر رہا ہے لیکن الیکشن کمیشن نے بروقت ایکشن نہیں لیا اسلئے ہم نے اپنی شکایت کا اظہار کیا تھا۔

شفقت محمود نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران بڑے پیمانے پر لوٹ کھسوٹ کی جس کا کوئی حساب نہیں، اب مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ ان کے قائدین کو بدعنوانی کیسز سے ریلیف دیا جائے اور ان کے تمام جرائم معاف کر دیئے جائیں، ہم سمجھتے ہیں کہ جس جس نے قوم کا پیسہ لوٹا ہے وہ بڑے جرم کا مرتکب ٹھہرا ہے، حکومت کسی صورت پر احتساب کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کرے گی اور بدعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات میں نیب کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیٹیف قانون سازی ملک کے مستقبل کا سوال تھا لیکن اس دوران بھی اپوزیشن نے حکومت کو بلیک میلنگ کرنے کی کوشش کی تاکہ انہیں کسی نہ کسی طریقے سے این آر او مل جائے لیکن وزیراعظم عمران خان نے انکار کر دیا۔