پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر عرفان اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں کے باعث مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ ملکی معیشت بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں کے باعث مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے ، سینیٹر عرفان اللہ
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر عرفان اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں کے باعث مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ ملکی معیشت بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف آمدنی والے طبقات کے لئے انکم ٹیکس کی شرح میں مناسب ردوبدل کیا ہے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سال قبل مہنگائی کی شرح تقریباً 29 سے 30 فیصد تھی جو اب کم ہو کر تقریباً 7 فیصد کی سطح پر آ گئی ہے۔سینیٹر عرفان اللہ نے کہا کہ جی ڈی پی گروتھ ریٹ میں اضافہ، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور دیگر معاشی اشاریے حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں نہ صرف ملک بلکہ پوری امت مسلمہ کے لئے باعثِ افتخار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے اور عالمی سطح پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مضبوط سفارتی تعلقات کے نتیجے میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جس کے فوائد بتدریج عوام تک پہنچیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی وقار سے اقتصادی مواقع میں بھی اضافہ ہوگا جبکہ ایران سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی روابط مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق سوال پر سینیٹر عرفان اللہ نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول میکانزم کو مؤثر بنایا جا رہا ہے، سستے بازاروں کے قیام اور انتظامی نگرانی کے ذریعے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف بھی عوامی ریلیف کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہیں اور حکومت مستقبل میں مزید بہتری کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔









