حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں بھرتیوں کا عمل مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے ، ترجمان

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ادارے میں ہونے والی تمام بھرتیاں میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ، متعلقہ قواعد و ضوابط اور منظور شدہ پالیسیوں کے مطابق مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کی جاتی ہیں

پشاور۔ 07 جولائی (اے پی پی):حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ادارے میں ہونے والی تمام بھرتیاں میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ، متعلقہ قواعد و ضوابط اور منظور شدہ پالیسیوں کے مطابق مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کی جاتی ہیں۔ایچ ایم سی پشاورتر جمان کے مطابق بھرتیوں کے ہر مرحلے میں مقررہ قانونی طریقہ کار پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے اور تمام امیدواروں کے ساتھ مساوی سلوک یقینی بنایا جاتا ہے۔ ادارے کا مؤقف ہے کہ بھرتیوں کے عمل میں کسی قسم کی بے ضابطگی یا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں رکھی جاتی۔انتظامیہ نے بتایا کہ مختلف سرکاری ادارے وقتاً فوقتاً حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں بھرتیوں اور انتظامی معاملات کا جائزہ لیتے رہے ہیں، تاہم اب تک ہونے والی جانچ پڑتال میں کسی قسم کی بے ضابطگی یا خلاف ورزی سامنے نہیں آئی۔حکام کا کہنا ہے کہ ادارہ شفافیت، احتساب اور قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ادارے کی اولین ترجیح میرٹ، شفافیت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت کا انتخاب ہے تاکہ عوام کو معیاری، محفوظ اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔حیات آباد میڈیکل کمپلیکس نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران طبی خدمات، انتظامی اصلاحات، انفیکشن کنٹرول، مریض دوست اقدامات، ڈیجیٹل سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری سمیت اس سے منسلک اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ مستقبل میں بھی اصلاحات، شفافیت، میرٹ اور بہتر طبی خدمات کے فروغ کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور اس سے منسلک ادارے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں اپنی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر پھیلائی جانے والی بے بنیاد افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس سے متعلق معلومات کے لیے صرف مستند اور مصدقہ ذرائع پر اعتماد کریں۔