مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نورمحمد خان دمڑ نے زیارت کے علاقے کچ مانگی میں فتنہ الخوارج کی جانب سے پولیس چوکی پر کیے گئے بزدلانہ دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے
صوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ کی زیارت کے علاقے کچ میں دہشتگردحملے کی شدید مذمت

مزید خبریں
ہرنائی۔ 07 جولائی (اے پی پی):مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نورمحمد خان دمڑ نے زیارت کے علاقے کچ مانگی میں فتنہ الخوارج کی جانب سے پولیس چوکی پر کیے گئے بزدلانہ دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشتگردوں کے اس حملے میں شہید ہونے والے دو ایس ایچ اوز سمیت 9پولیس کے جوانوں نے وطن کے دفاع اور عوام کے امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ وہ قوم کے حقیقی ہیروز ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کی اور غمزدہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ بلوچستان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے اس گھناؤنے حملے نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ یہ عناصر بلوچستان کی ترقی، امن اور عوام کی خوشحالی کے دشمن ہیں۔
یہ لوگ صوبے میں انتشار پھیلا کر عوام اور ریاست کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔صوبائی وزیر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم کسی کو بھی صوبے اور بالخصوص زیارت جیسے پرامن ضلع کے امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ زیارت بلوچستان کا ماتھا ہے اور زیارت کے امن کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ امن دشمن دہشتگردوں کے مکمل سدِ باب تک ان کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے گی۔ ہماری بہادر مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دن رات قربانیاں دے رہے ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ شہداء کے خون سے سینچی گئی سرزمین کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔








