خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کا یوم آبادی 2025 کے موقع پر پیغام

45

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے ملک بھر میں بالخصوص خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی صحت، وقار اور بااختیاری کے لئے قومی عزم کو نئے سرے سے مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔یوم آبادی 2025 کے موقع پراپنے پیغام میں خاتون اول نے کہا کہ آج کا دن ہمیں صرف اعداد و شمار ہی نہیں بلکہ ان زندگیوں اور کہانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ان اعداد کے پیچھے چھپی ہوتی ہیں،ان ماؤں، بچوں اور خاندانوں کی جو ہماری قوم کی بنیاد ہیں، ہماری توجہ اس بات پر مرکوز رہنی چاہئے کہ ہر ماں صحت مند ہو، ہر بچہ محفوظ ہو اور ہر خاندان کو ترقی کرنے کا موقع ملے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو زچگی کی صحت، بچوں کی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے سنگین چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے خاندانی منصوبہ بندی، تعلیم، سماجی تحفظ اور تولیدی صحت کی سہولیات میں سرمایہ کاری کی فوری ضرورت پر زور دیا جو ایک مضبوط اور جامع معاشرے کی بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف ترقی کا معاملہ نہیں بلکہ وقار، مساوات اور انصاف کا مسئلہ ہے، جب ہم اپنے عوام کی فلاح کو اولین ترجیح دیتے ہیں تو دراصل ہم اپنی قوم کے مستقبل کو محفوظ بناتے ہیں۔یوم آبادی 2025 کا موضوع یہ ہے کہ’’نوجوانوں کو بااختیار بنانا کہ وہ ایک منصفانہ اور پرامید دنیا میں وہ خاندان تشکیل دیں جو وہ چاہتے ہیں‘‘،یہ موضوع پاکستان کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتا ہے جہاں آبادی کا ایک بڑا حصہ 30سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

خاتون اول نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو باعزت زندگی گزارنے کے مواقع میسر ہونے چاہئیں جو امتیاز سے پاک ہو اور جہاں وہ باخبر فیصلے کرنے کے قابل ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان صرف ہمارا مستقبل نہیں بلکہ ہمارا حال بھی ہیں، ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ انہیں معیاری تعلیم، مکمل طبی سہولیات، معاشی مواقع اور اپنی زندگیوں سے متعلق فیصلوں میں شراکت داری حاصل ہو، ان کو بااختیار بنانا ایک منصفانہ، پُرامن اور پائیدار پاکستان کی تعمیر کے لئے ناگزیر ہے۔

خاتون اول نے تمام پاکستانیوں کے حقوق اور فلاح کے فروغ کے لئے اپنے عزم کو دہرایا اور حکومت، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے تمام شراکت داروں سے اپیل کی کہ وہ مل کر ایک ایسے مستقبل کے لئے کام کریں جہاں ہر زندگی کی قدر ہو اور ہر نسل بااختیار ہو۔انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے 1994 کے قاہرہ میں منعقدہ بین الاقوامی آبادی و ترقی کانفرنس میں کہے گئے تاریخی الفاظ کی یاد بھی دلائی ’’میرا خواب ہے ایک ایسا پاکستان، ایک ایسی ایشیا، ایک ایسی دنیا جہاں ہر حمل منصوبہ بند ہو اور ہر پیدا ہونے والے بچے کی پرورش، محبت، تعلیم اور سرپرستی ہو‘‘۔