خالد محمود بنگلہ دیش میں ایج گروپ کرکٹ کے کنسلٹنٹ مقرر

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بی سی بی ڈائریکٹر خالد محمود کی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ میں دوبارہ واپسی ہوئی ہے، جہاں انہیں ایج گروپ کرکٹ کے لئے 2 سال کے معاہدے پر کنسلٹنٹ مقرر کر دیا گیا ہے

ڈھاکہ۔23جولائی (اے پی پی):بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بی سی بی ڈائریکٹر خالد محمود کی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ میں دوبارہ واپسی ہوئی ہے، جہاں انہیں ایج گروپ کرکٹ کے لئے 2 سال کے معاہدے پر کنسلٹنٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق خالد محمود اس سے قبل بھی بورڈ میں متعدد اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، جن میں گیم ڈیولپمنٹ کمیٹی کی چیئرمین شپ بھی شامل ہے۔

اپنی تقرری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خالد محمود کا کہنا تھا کہ بی سی بی صدر تمیم اقبال کے ساتھ ان کی اس موضوع پر طویل عرصے سے بات چیت جاری تھی اور یہ ایک ایسا کام ہے جسے کرنا وہ ہمیشہ سے پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2020 میں جنوبی افریقامیں کھیلا گیا انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے کے دوران بھی وہ گیم ڈیولپمنٹ کے سربراہ تھے۔

بی سی بی حکام کا ماننا ہے کہ خالد محمود کی نچلی سطح کے کرکٹرز کی تربیت کے حوالے سے خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ نیا عہدہ ان کے لئے بہترین ہے اور ان کے تجربے سے نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی میں مدد ملے گی۔