خصوصی افراد معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی وفد سے گفتگو

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ان سے محبت اور شفقت سے پیش آنا ہم سب پر لازم ہے، ہماری تھوڑی سی توجہ ان کی زندگیوں کو خوشیوں سے بھر سکتی ہے، پارلیمان کو خصوصی افراد کے مسائل کا ادراک ہے …

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ان سے محبت اور شفقت سے پیش آنا ہم سب پر لازم ہے، ہماری تھوڑی سی توجہ ان کی زندگیوں کو خوشیوں سے بھر سکتی ہے، پارلیمان کو خصوصی افراد کے مسائل کا ادراک ہے اسی لئے تاریخ میں پہلی بار خصوصی افراد کے لئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی ہے، حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، تعلیم و تربیت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو خصوصی افراد کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کے نمائندوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں خصوصی افراد کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے پارلیمان کی تاریخ میں پہلی بار پارلیمانی کمیٹی قائم کی ہے جس کا پہلا باقاعدہ اجلاس آئندہ ہفتے بلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی خصوصی افراد کو درپیش مسائل پر غور کرئے گی اور مسائل کے حل کے لئے سفارشات مرتب کرے گی۔ سپیکر نے وفد کے نمائندوں کو کہا کہ خصوصی افراد کے لئے کی جانے والی قانون سازی میں ان کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں خصوصی افراد کے لیے بل پاس کروایا گیا ہے باقی صوبے میں صوبائی سطح پر اس طرح کی قانون سازی کریں تاکہ ہم خصوصی افراد کو معاشرے میں ان کا جائز مقام اور بنیادی سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے لئے مزید قانون سازی زیر غور ہے، سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹے پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ کسی ایک جسمانی معذوری کی وجہ سے انہیں نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئے۔ وفد نے خصوصی افراد کے لئے خصوصی دلچسپی لینے پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا شکریہ ادا کیا۔