خواتین کو ماں کے دودھ کی اہمیت اور افادیت کے بارے میں آگاہی دینا بہت اہم ہے، ڈاكٹر جاوید ساہی

117

سمبڑیال۔ 22 جنوری (اے پی پی):صحت عامہ کے ماہر ڈاکٹر انچارج تحصیل ہیڈکواٹر سمبڑیال ایم ایس ڈاكٹر جاوید ساہی نے کہا ہے کہ بچوں والی خواتین کو ماں کے دودھ کی اہمیت اور افادیت کے بارے میں آگاہی دینا بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ماں کا دودھ قدرت کی ایک نعمت ہے، ہمارا دین بھی بچوں کو ماں کا دودھ پلانے پر زور دیتا ہے۔ جاوید ساہی نے کہا کہ ماں کا دودھ پلانے سے ماں اور بچے دونوں کی صحت کو فائدہ پہنچتا ہے، غذائیت کی کمی کو دور کرتا ہے اوراس سے بچوں کی قوت مدافعت بڑھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماں کا دودھ دیگر بیماریوں کے ساتھ ساتھ سانس کی بیماریاں، دمہ، الرجی اور کئی قسم کی انفیکشن کو کم کرتا ہے اور بچے کی صحت دوسرے بچوں سے بہت اچھی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ برائے صحت کے مطابق 6 ماہ تک صرف ماں کا دودھ پلائیں اور2 سال کی عمر تک اضافی غذا کے ساتھ ماں کے دودھ کو جاری رکھیں ۔ ڈاکٹر جاوید ساہی نے بتایا کہ ہر سرکاری ہسپتال میں اس کے بارے میں آگاہی دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ خواتین سے اپیل ہے کہ آپ محکمہ صحت سے راہنمائی حاصل کریں اور ان کی بتائی گئی باتوں پر عمل کریں۔