خواتین کیلئے معیاری تعلیم وترقی کا حامی، بلوچستان وومن پروموٹ ٹیلنٹ پروگرام کا حصہ بننے پر فخر ہے،گورنر بلوچستان
خواتین کیلئے معیاری تعلیم وترقی کا حامی، بلوچستان وومن پروموٹ ٹیلنٹ پروگرام کا حصہ بننے پر فخر ہے،گورنر بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 11 جون (اے پی پی):گورنربلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہاہے کہ خواتین کیلئے معیاری تعلیم اور ترقی کا حامی ہوں ،اپنے خاندان کے بچیوں کی تعلیم وتربیت پر خصوصی زور دیاہے تاکہ وہ آگے جاکر نہ صرف دیگر خواتین کا احترام کریں نئی بلکہ نئی نسل کیلئے ایک قابلِ تقلید مثال قائم کریں۔ آج ہم سب بشمول صوبائی وزرا ءدختران بلوچستان لیڈی ڈاکٹرز کی حوصلہ افزائی اور عزتِ افزائی کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں۔ معاشی خودمختاری وہ بنیاد ہے جو کسی بھی عورت کو اپنے اور دوسروں کے حقوق و اختیارات محفوظ کرنے کے قابل بناتی ہے۔
مجھے بلوچستان وومن پروموٹ ٹیلنٹ کے زیر اہتمام اس ایوارڈ پروگرام کا حصہ بننے پر فخر ہے جو ہمارے معاشرے میں خواتین کی خدمتوں، صلاحیتوں اور قربانیوں کو اجاگر کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایرانی کلچرل سینٹر میں بلوچستان وومن پروموٹ ٹیلنٹ کے زیر اہتمام دختران بلوچستان ایوارڈ پروگرام کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی وزرا میر سلیم کھوسہ، میر عاصم کرد گیلو، حاجی محمد خان لہڑی، حاجی برکت رند، ڈائریکٹر جنرل ایرانی کلچرل سینٹر ابو الحسن ، ایڈیشنل سیکرٹری راجہ عطر عباس، ڈاکٹر فارس رند اور سید شاہ زیب رضا سمیت سینئر لیڈی ڈاکٹروں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکا سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم شاندار قومی اقدار اور روایات کی پاسداری کرتے ہیں۔
ہم تمام خواتین چاہے وہ بطور ماں، بیٹی، بہن یا بیوی ہوں کا احترام کرتے ہیں۔ ہماری خواتین ڈاکٹرز سچی مسیحا ہیں، دن رات مریضوں کی خدمت کر رہی ہیں۔ آپریشن تھیٹرز سے لیکر ریسرچ لیبارٹریز تک، کمیونٹی کلینک سے لیکر دیہی مراکز صحت تک، وہ صحتمند اور خوشحال بلوچستان کے وژن کے تحت شاندار خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین ٹیلنٹ اور عزم میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے انہیں آگے بڑھنے کیلئے مساوی مواقع اور سہولیات فراہم کریں۔ آج ہم ان کی پیشہ وارانہ خدمات کو نہ صرف خراج تحسین پیش کرتے ہیں بلکہ ہم امید کا اظہار کرتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ وہ مستقبل میں بھی اسی لگن کے ساتھ خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
گورنر بلوچستان کی حیثیت سے، میں آپ کو اس پروگرام کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان غیر معمولی خواتین کی کارکردگی کو سراہتا ہوں۔ آخر میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے دختران بلوچستان لیڈی ڈاکٹرز اور زندگی دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین میں ایوارڈز جبکہ مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیے گئے۔








