خواتین کی کاروباری صلاحیتوں، مقامی ہنر اور پاکستانی ثقافت کے فروغ کیلئے اسلام آباد ویمن گالا کا دسواں ایڈیشن 7 اور 8 نومبر کو منعقد ہوگا

خواتین کی کاروباری صلاحیتوں، مقامی ہنر اور پاکستانی ثقافت کے فروغ کے لیے اسلام آباد ویمن گالا کا دسواں ایڈیشن 7 اور 8 نومبر کو ایف نائن پارک اسلام آباد میں منعقد ہوگا ،جس کا مرکزی موضوع ’’میرے بچپن کے دن‘‘ (Retro Desi Pakistan) رکھا گیا ہے

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):خواتین کی کاروباری صلاحیتوں، مقامی ہنر اور پاکستانی ثقافت کے فروغ کے لیے اسلام آباد ویمن گالا کا دسواں ایڈیشن 7 اور 8 نومبر کو ایف نائن پارک اسلام آباد میں منعقد ہوگا ،جس کا مرکزی موضوع ’’میرے بچپن کے دن‘‘ (Retro Desi Pakistan) رکھا گیا ہے۔ آرگنائزرز کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دو روزہ فیسٹیول کا مقصد گھریلو سطح پر کاروبار کرنے والی خواتین اور مقامی ہنرمندوں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔کمیونٹی ’’لیٹس گرو ٹوگیدر‘‘ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس گالا میں 200 سے زائد خواتین کاروباری شخصیات اپنی تیار کردہ مصنوعات اور پاکستانی برانڈز کے سٹالز لگائیں گی۔ میلے میں روایتی ملبوسات، دستکاری، ہاتھ سے تیار کردہ زیورات، آرائشی اشیاء، نامیاتی جلد کی نگہداشت کی مصنوعات، کروشیا کے سامان اور فن پاروں سمیت مختلف اقسام کی مصنوعات پیش کی جائیں گی۔فیسٹیول کو پاکستانی ثقافت اور ماضی کی یادوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ شرکا کے لیے براہ راست موسیقی، فوڈ کورٹ، بچوں کا کارنیول اور 1980ء کی دہائی کی یادوں پر مبنی خصوصی گوشے بھی قائم کیے جائیں گے۔

ان سرگرمیوں کا مقصد شہریوں بالخصوص خاندانوں کو تفریح کے ساتھ مقامی مصنوعات اور روایتی ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔منتظمین کے مطابق گالا 7 اور 8 نومبر کو صبح 11 بجے سے رات 8 بجے تک ایف نائن پارک کے بولان گیٹ نمبر 2 پر جاری رہے گا۔ داخلے کا ٹکٹ 300 روپے مقرر کیا گیا ہے جو آن لائن اور مقام پر دستیاب ہوگا۔ دس سال سے کم عمر بچوں اور خصوصی افراد کے لیے داخلہ مفت ہوگا جبکہ 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ٹکٹ پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ چار یا اس سے زائد افراد پر مشتمل خاندانوں کے لیے فی ٹکٹ 250 روپے کی خصوصی قیمت مقرر کی گئی ہے۔یہ ایک فیملی فیسٹیول ہوگا جس میں صرف فیملیز کو آنے کی اجازت ہوگی۔اسلام آباد ویمن گالا کا دسواں ایڈیشن خواتین کے کاروبار، مقامی دستکاری اور پاکستانی مصنوعات کی تشہیر کے ساتھ ساتھ فیملیز کو ایک ثقافتی اور تفریحی ماحول فراہم کرنے کی کوشش ہے۔

 

مزید خبریں