خواتین یونیورسٹی اورسی ایس زون پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان طالبات کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے اور صنعتی و تعلیمی روابط مضبوط بنانے کے لیے پانچ سالہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے
خواتین یونیورسٹی اورسی ایس زون میں پانچ سالہ معاہدہ ، طالبات کوسائبرسکیورٹی اورمصنوعی ذہانت کی تربیت دی جائے گی

مزید خبریں
ملتان۔ 02 نومبر (اے پی پی):خواتین یونیورسٹی اورسی ایس زون پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان طالبات کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے اور صنعتی و تعلیمی روابط مضبوط بنانے کے لیے پانچ سالہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔ معاہدے کے تحت طالبات کو سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں تربیت فراہم کرنے کے ساتھ انٹرن شپ، پیشہ ورانہ سرٹیفکیشن اور تحقیقی مواقع بھی میسر آئیں گے۔ترجمان کے مطابق اس معاہدے کا بنیادی مقصد طالبات کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور انہیں جدید صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ دونوں ادارے مشترکہ تربیتی پروگراموں، تکنیکی سرٹیفکیشن،تحقیق اورکاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تعاون کریں گے، جس سے طالبات کو تعلیمی میدان سے عملی صنعت تک رسائی اورروزگار کے بہتر مواقع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
اس سلسلے میں خواتین یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ بتول اور سی ایس زون کے پراجیکٹ منیجر حسن رضا بلوچ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جبکہ ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (اورک) ڈاکٹر مصباح مرزا نے بھی معاہدے پر دستخط کیے۔ ڈائریکٹر کمپیوٹر سائنس اینڈ آئی ٹی ڈاکٹر خدیجہ کنول اور زین رضا تقریب میں بطور گواہ موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ بتول نے کہا کہ جامعات اور صنعتی اداروں کے درمیان مضبوط روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ایسی شراکت داریوں سے طالبات کو کتابی علم کے ساتھ عملی تجربہ اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع ملتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین یونیورسٹی طالبات کو ڈیجیٹل علوم، جدت اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔ مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ مستقبل کی معیشت کے اہم شعبے ہیں اور سی ایس زون کے ساتھ یہ معاہدہ ان شعبوں میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری میں معاون ثابت ہوگا۔








