"صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق سے مولانا قاری حنیف جالندھری کی قیادت میں اتحاد تنظیمات مدارس کے وفد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مدارس سے متعلق معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔”
خواجہ سلمان رفیق سے مولانا قاری حنیف جالندھری کی قیادت میں اتحاد تنظیمات مدارس کے وفد کی ملاقات

مزید خبریں
لاہور۔29جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں علما کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق سے سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا قاری حنیف جالندھری کی قیادت میں اتحاد تنظیمات مدارس کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے ناظم اعلیٰ صاحبزادہ محمد مصطفی ہزاروی،وفاق المدارس السلفیہ سے مولانا محمد یاسین ظفر،رابطتہ المدارس الاسلامیہ پاکستان سے حافظ سید قطب،وفاق المدارس الشیعہ پاکستان سے مولانا لعل حسین توحیدی،حافظ محمد امجد، جامعہ اشرفیہ سے حافظ اسد عبید و دیگر شامل تھے۔اس موقع پر سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری فیصل فرید، سید طاہر رضا بخاری، ڈی جی اوقاف حافظ انیس الرحمن،چیف کوآرڈینیشن آفیسر غلام صغیر شاہد، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو عبدالرف، ڈی آئی جی سپیشل برانچ، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال اور مدارس کی رجسٹریشن بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں تمام مکاتبِ فکر کے معزز علما کرام سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے آئمہ کرام کیلئے اعزازیہ پروگرام انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اتحاد تنظیمات مدارس کی سینئر قیادت سے نہایت مثبت ملاقات رہی ہے۔ مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے پیش کردہ سفارشات کی روشنی میں آئندہ نشست میں مزید پیشرفت متوقع ہے۔پنجاب میں امن عامہ کی خاطر تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام یکجان اور متحد ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہمیں ہر قسم کے اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستان کی سلامتی کی خاطر اکھٹے ہونا ہے۔پاکستان کی سلامتی کیلئے تمام مکاتب فکر ایک صفحے پر ہیں۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومتِ پنجاب قیام امن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ مکمل کوآرڈینیشن میں ہے۔انہوں نے کہا کہ علما کرام پنجاب میں کاروانِ امن کا بنیادی اور اہم جزو ہیں۔محرم الحرام کے دوران تمام مکاتبِ فکر کے علما کرام کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے۔اس موقع پر مولانا قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے امن عامہ کیلئے اقدامات کو سراہتے ہیں۔ملکی سلامتی کیلئے حکومتِ پنجاب کے ساتھ مکمل تعاون جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر باہمی اتحاد کیساتھ قانون کی پاسداری یقینی بنائیں گے۔ملاقات کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔








