ملک میں انصاف کی فراہمی کیلئے لیگل کمیونٹی کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے ، سکندر سلطان راجہ

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف کی فراہمی کیلئے لیگل کمیونٹی کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے اور جمہوری نظامِ حکمرانی کا ایک بنیادی اور ناگزیر ستون ہے جو آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اداروں کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف کی فراہمی کیلئے لیگل کمیونٹی کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے اور جمہوری نظامِ حکمرانی کا ایک بنیادی اور ناگزیر ستون ہے جو آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اداروں کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حیدرآباد بار ایسوسی ایشن کے وفد نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سیکرٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا۔ جنرل سیکرٹری بار سیدشہزاد علی شاہ کی قیادت میں الیکشن کمیشن کا مطالعاتی دورہ کرنے والے وفد کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کمیشن آمد پر خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر ممبران الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وفد کو الیکشن کمیشن کے انتخابی ڈھانچے، ذمہ داریوں، مجموعی کارکردگی اور گزشتہ پانچ برسوں کے دوران کئے گئے خصوصی اقدامات سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ وفد کو بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے دفتری کارکردگی بہتر بنانے کے لئے متعدد عملی اور اصلاحی اقدامات کئے ہیں۔بریفنگ کے بعد سوال وجوابات کا سیشن ہوا جس میں چیف الیکشن کمشنر نے وفد کےممبران کے سوالات کے جوابات واضح اور جامع انداز میں دیئے۔ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے الیکشن کمیشن کی کاوشوں کو سراہا اور ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات وکلاء کی آگاہی میں اضافہ کا باعث ہے اور آئندہ وکلاء اور الیکشن کمیشن کے مابین مضبوط روابط کا باعث بنے گی۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ لیگل کمیونٹی کا کردار ملک میں انصاف کی فراہمی کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے اور جمہوری نظامِ حکمرانی کا ایک بنیادی اور ناگزیر ستون ہے جو آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اداروں کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

بار ایسوسی ایشنز اور وکلاء برادری کے ساتھ مؤثر، مسلسل اور تعمیری روابط کا فروغ نہ صرف انتخابی عمل پر عوامی اعتماد کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ انتخابی عمل کے ہر مرحلے میں شفافیت ، غیر جانبداری اور آئینی تقاضوں کی مکمل پاسداری میں وکلاء کو اپنا کرادار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی اداروں اور لیگل کمیونٹی کے درمیان باہمی تعاون اور پیشہ وارانہ ہم آہنگی جمہوری نظام کے استحکام اور عوام کے ریاستی اداروں پر اعتماد کے فروغ کا باعث بنے گی۔