خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مردان اور ہری پور میں غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ناقص خوراک تلف کر دی جبکہ خلاف ورزیوں میں ملوث یونٹس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مردان فوڈ سیفٹی ٹیم نے تخت بھائی کے علاقے …
خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی مردان اور ہری پور میں کارروائیاں، غیر معیاری آئس کریم اور زائد المیعاد خام مال تلف، یونٹس سیل

مزید خبریں
پشاور۔ 18 جون (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مردان اور ہری پور میں غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ناقص خوراک تلف کر دی جبکہ خلاف ورزیوں میں ملوث یونٹس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مردان فوڈ سیفٹی ٹیم نے تخت بھائی کے علاقے میں مختلف آئس کریم فیکٹریوں کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران ایک یونٹ سے 400 کلو گرام سے زائد غیر معیاری اور ناقص آئس کریم برآمد کر کے موقع پر تلف کر دی گئی۔ معائنے کے دوران صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیاں سامنے آنے پر یونٹ کو سیل کر دیا گیا جبکہ بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی۔ فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت یونٹ میں استعمال ہونے والی مشینری بھی ضبط کر لی گئی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ہری پور فوڈ سیفٹی ٹیم نے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک کیچپ فیکٹری کا معائنہ کیا جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں اور زائد المیعاد پلپ کا استعمال پکڑا گیا۔ کارروائی کے دوران فیکٹری سے 800 کلو گرام سے زائد زائد المیعاد پلپ برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ فیکٹری کے کولڈ سٹوریج کو سیل کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔معاونِ خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غیر معیاری، ملاوٹی اور مضرِ صحت خوراک کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی صحت اور محفوظ خوراک پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی صوبے بھر میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے اور عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔








