خیبرپختونخوا میں عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولت فراہم کرنے کیلئے 200 سے زیادہ موبائل یوٹیلٹی سٹورز کام کر رہے ہیں، ترجمان یو ایس سی

اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا میں عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولت فراہم کرنے کیلئے 200 سے زیادہ موبائل یوٹیلٹی سٹورز کام کر رہے ہیں، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے پی کے، میں عام آدمی کو غذائی مصنوعات کی سستے نرخوں پر فراہمی کے ساتھ ساتھ 200 سے زیادہ موبائل یوٹیلٹی سٹورز بھی چلا رہی ہے۔

یو ایس سی کے ترجمان نے ”اے پی پی” کو بتایا کہ اس وقت ایبٹ آباد زون میں 100 جبکہ پشاور زون میں 100 سے زیادہ موبائل یوٹیلٹی سٹورز کام کر رہے ہیں تاکہ عوام اپنے گھر کی دہلیز پر رعایتی نرخوں پر غذائی مصنوعات خرید سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا اہم مقصد معاشرہ کے کم آمدن والے طبقات کو افراط زر کے اثرات سے تحفظ فراہم کرنا ہے، کوویڈ۔19 اور روس۔یوکرین جنگ کی وجہ سے پاکستان سمیت پوری دنیا افراط زر کے مسائل سے بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

یو ایس سی کے ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کے اشتراک کار سے 2 ہزار کے قریب سستا آٹا کے سیلز پوائنٹ بھی قائم کئے گئے ہیں تاکہ عوام کو رعایتی قیمت پر آٹا فراہم کیا جا سکے، اس وقت مارکیٹ کے مقابلہ میں یوٹیلٹی سٹورز پر بنیادی اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کہیں کم ہیں۔

یوٹیلٹی سٹورز پر چینی 70 روپے کلو، 10 کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے جبکہ گھی 300 روپے فی کلو کی قیمت پر دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کے مقابلہ میں گھی کی قیمت 250 روپے فی کلو کم ہے۔ اسی طرح چینی کی قیمت بھی 25 تا 35 روپے فی کلو کم جبکہ مارکیٹ کے مقابلہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 700 روپے کا فرق ہے۔ اس کے علاوہ 1500 سے زیادہ مصنوعات مارکیٹ کے مقابلہ میں یوٹیلٹی سٹورز پر سستی بیچی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دالوں اور چنے کی قیمت بھی 20 تا 40 روپے فی کلو کم ہے۔ واضح رہے کہ یو ایس سی وزیراعظم کے حکم کے مطابق ملک بھر میں عوام کو چینی، گھی اور آٹا رعایتی نرخوں پر فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھر کی دہلیز پر اشیاء خوردنی کی سستے داموں فراہمی پر عوام اور بالخصوص کم آمدنی والا طبقہ یو ایس سی کے انتظامات کو سراہتا ہے