خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا پیشگی اقدامات کیلئے الرٹ جاری

پشاور۔ 27 دسمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کےلیے الرٹ جاری کر دیا۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری موسمی انتباہ کے مطابق …

پشاور۔ 27 دسمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کےلیے الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری موسمی انتباہ کے مطابق ​چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، کولائی پالس، مالاکنڈ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، طورغر، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، خیبر، باجوڑ اور مہمند میں 30 دسمبر سے یکم جنوری تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، ​اس دوران صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، ​برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ اور گلیات میں سڑکیں بند یا پھسلن کا شکار ہوسکتی ہیں جبکہ ​پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ​متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے اور بل بورڈز کو محفوظ بنانے، ​دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔ اتھارٹی نے سیاحوں اور مسافروں کو دورانِ برفباری کافی مقدار میں پانی، خوراک، ادویات اور گرم کپڑے ساتھ رکھنے کی اپیل کی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے اپیل کی ہے کہ ​عوام تیز ہوا یا گرج چمک کے دوران بجلی کے کھمبوں، اشتہاری بورڈز اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ​پی ڈی ایم اے کا پراونشل ایمرجنسی آپریشن سنٹر 24 گھنٹے فعال ہے، عوام کسی بھی اطلاع کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔