خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیر اہتمام سیاحوں کیلئے عید پر تخت بھائی آثار قدیمہ کی جانب سفاری ٹرین دورے کا انعقاد

78
Khyber Pakhtunkhwa Culture and Tourism Authority

پشاور۔ 13 اپریل (اے پی پی):خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیر اہتمام سیاحوں کیلئے عید پر تخت بھائی آثار قدیمہ کی جانب سفاری ٹرین دورے کا انعقاد کیا گیا۔ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایات پر یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ قرار دیئے جانے والی سائٹ تخت بھائی کے آثار قدیمہ کی سیر و تفریح کیلئے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے ٹرین سفاری دورے کا اہتمام کیا۔ ٹرین سفاری کا آغاز پشاور صدر ریلوے سٹیشن سے مہمانوں کو روایتی بینڈ کی دھنوں سے کیا گیا۔ ٹرین میں یتیم اور بے سہارا بچوں کو خصوصی طور پر عید کی خوشیوں میں شریک کیا گیا۔ سفاری ٹرین پشاور شہر ریلوے سٹیشن سے ہوتی ہوئی پبی، نوشہرہ، مردان، رسالپور اور تخت بھائی سٹیشن پہنچی۔ ٹرین میں 130 سے زائد بچے، خواتین اور مرد شریک ہوئے جنہیں کوسٹرز پر تخت بھائی آثارقدیمہ کے مقام کی سیر کرائی گئی۔سیاح سفاری ٹرین سے محظوظ ہوئے اور اس سفر پر خوشی کا اظہار کیا۔اتھارٹی کے ترجمان محمد سعد کے مطابق خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے آثارقدیمہ کے مقامات کے فروغ کیلئے یہ دوسری سفاری ٹرین ہے جس کا مقصد سیاحوں کو ان مقامات کی سیروتفریح سمیت مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔