خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے ہلال خیل کے علاقے میں آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا ،فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر

ISPR
ISPR

راولپنڈی۔16نومبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے ہلال خیل کے علاقے میں آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا ،فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے ہلال خیل کے علاقے میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ یہ آپریشن 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب ہوا، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔

مارے گئے دہشت گرد سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، مرنے والے دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں سرگرم رہے ہیں۔ امن دشمنوں کے خلاف لڑائی کے دوران دو جوان شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں 33 سالہ نائیک تاج محمد اور 30 سالہ لانس نائیک امتیازخان شامل ہیں، تاج محمد کا تعلق کوہاٹ اور امتیاز خان کا تعلق مالاکنڈ سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔