خیبر پختونخوا کے وزیر صحت کی نرسنگ کالج پشاور کے طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو تحقیقات کی ہدایت

وزیر صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمان نے نرسنگ کالج پشاور کے طلبہ کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل اور شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو معاملے کی مکمل، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے

پشاور۔ 08 ستمبر (اے پی پی):وزیر صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمان نے نرسنگ کالج پشاور کے طلبہ کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل اور شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو معاملے کی مکمل، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ معاملے کے تمام حقائق سامنے لائے جائیں اور اگر کسی فرد کی جانب سے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی، غفلت، بدانتظامی یا کسی بھی قسم کی کوتاہی ثابت ہوتی ہے تو ذمہ دار شخص کے خلاف قانون اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیر صحت خلیق الرحمان نے نرسنگ کالج پشاور کے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ پرامن رہیں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ انہوں نے طلبہ کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل اور شکایات کو متعلقہ حکام کی جانب سے میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق دیکھا جائے گا اور کسی بھی جائز حق کے معاملے میں ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نرسنگ کالج پشاور کے طلبہ کے جائز حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور اگر تحقیقات کے دوران کسی حق تلفی یا قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو قانون کے مطابق اس کا ازالہ کیا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ موجودہ صورتحال میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنی تعلیم، تربیت اور تعلیمی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے طلبہ ملک اور صوبے کے صحت کے نظام کا اہم حصہ ہیں اور ان کا تعلیمی و پیشہ ورانہ مستقبل انتہائی اہم ہے۔

وزیر صحت نے متعلقہ پولیس آفیسرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ معاملے کا ذاتی طور پر جائزہ لیں اور تمام متعلقہ فریقین سے رابطے کے ذریعے تنازع کو بات چیت، افہام و تفہیم اور قانونی طریقہ کار کے تحت حل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔خلیق الرحمان نے کہا کہ پرامن احتجاج اور اپنے جائز مطالبات کے اظہار کا حق ہر شہری کو حاصل ہے اور حکومت اس حق کا احترام کرتی ہے تاہم احتجاج کے دوران قانون کی پاسداری، امن و امان اور دیگر شہریوں کے حقوق کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج یا کسی بھی سرگرمی کے نتیجے میں قانون و امان کی صورتحال متاثر نہیں ہونی چاہیے، سرکاری امور میں خلل نہیں پڑنا چاہیے اور دیگر شہریوں کی روزمرہ زندگی اور معمولات متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔وزیر صحت نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نرسنگ کالج پشاور کے طلبہ کے معاملے کو غیر جانب دارانہ، ذمہ دارانہ اور قانون کے مطابق حل کیا جائے اور تمام جائز شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔صوبائی وزیر نے طلبہ، انتظامیہ اور تمام متعلقہ فریقین سے اپیل کی کہ وہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور معاملے کے پرامن حل کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے یقین دلایا کہ طلبہ کے جائز حقوق کے حوالے سے کسی قسم کی ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی، تاہم قانون کی بالادستی، نظم و ضبط، امن و امان اور تعلیمی ماحول کا تحفظ بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔