سندھی لینگویج اتھارٹی کے زیرِ اہتمام خیرپور آرٹس کونسل میں ایک ماہ پر مشتمل سندھی زبان کا تدریسی کورس کامیابی سے مکمل ہوگیا، جس کا مقصد سندھی زبان کے فروغ اور تدریس کو مضبوط بنانا تھا۔
خیرپور میں سندھی لینگویج اتھارٹی کے زیر اہتمام ایک ماہ پر مشتمل کورس مکمل

مزید خبریں
سکھر۔ 14 جولائی (اے پی پی):سندھی لینگویج اتھارٹی کے زیرِ اہتمام خیرپور آرٹس کونسل میں ایک ماہ پر مشتمل سندھی زبان کا تدریسی کورس کامیابی سے مکمل ہوگیا ۔
اس سلسلہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت سندھی لینگویج اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر شیر مہرانی نے کی جبکہ معروف شاعر و ادیب مختیار ملک، سندھی ادبی سنگت کے سابق سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق پھل، ریڈیو پاکستان خیرپور کے اسٹیشن ڈائریکٹر مسرت علی منگی اور نامور شاعر و تربیت کار حبدار جاگیرانی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شیر مہرانی نے کہا کہ سندھی زبان ہماری قومی شناخت، تہذیب، تاریخ اور ثقافتی ورثے کی امین ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھی لینگویج اتھارٹی اس میٹھی زبان کے تحفظ، فروغ اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ترقی کے لیے مسلسل عملی اقدامات کر رہی ہے۔ خیرپور آرٹس کونسل میں منعقدہ ایک ماہ کا سندھی زبان کا تدریسی کورس بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جس کا مقصد نوجوانوں، طلبہ اور سندھی زبان سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو زبان کو درست انداز میں پڑھنے، لکھنے اور بولنے کی مہارت فراہم کرنا ہے۔ تقریب کے اختتام پر کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے 30 شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔








