صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب کی تمام فیلڈ فارمیشنز کو مون سون کے دوران ہائی الرٹ رہنے، عوامی تحفظ، سڑکوں پر بلا تعطل ٹریفک کی روانی اور ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اجلاس،مون سون تیاریوں کا جائزہ لیا

مزید خبریں
لاہور۔14جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب کی تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی ہے کہ جاری مون سون سیزن کے دوران ہائی الرٹ رہتے ہوئے صوبہ بھر میں عوامی تحفظ، سڑکوں پر بلا تعطل ٹریفک کی روانی اور ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
یہ ہدایات انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات میں منعقدہ اعلی سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات راجہ جہانگیر انور، سپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیف انجینئرز اور پنجاب بھر کے فیلڈ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں، اپنے متعلقہ اضلاع میں بارش کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں اور شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹو انجینئرز اور تمام فیلڈ سٹاف اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور ذمہ داری سے انجام دیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے مزید ہدایت کی کہ حساس اور نشیبی مقامات پر بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لیے ڈی واٹرنگ پمپس بروقت نصب کیے جائیں۔ انہوں نے فیلڈ ٹیموں کو سڑکوں کے شولڈرز، پلوں، کلورٹس اور ڈرینیج سسٹم کا روزانہ معائنہ کرنے اور ان کی مکمل فعالیت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ بارشوں کے باعث انفراسٹرکچر کو نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی سہولت محکمہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مثر رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ جہاں ضرورت ہو وہاں بارشی پانی کی فوری نکاسی اور ٹریفک کی بروقت بحالی یقینی بنائی جا سکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ مون سون کے دوران عوامی انفراسٹرکچر کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ موسم کی صورتحال معمول پر آنے تک مکمل چوکسی، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں۔







