ڈی جی سیف سٹی و ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی کیمروں اور سمارٹ پولیسنگ کے ذریعے ٹریفک کی خودکار نگرانی، قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور رش کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
ڈی جی سیف سٹی و ڈی آئی جی ٹریفک اسلام آبادکی زیر صدارت سیف سٹی توسیعی منصوبے کا جائزہ اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):ڈی جی سیف سٹی /ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی کیمروں اور سمارٹ پولیسنگ کے ذریعے ٹریفک کی خودکار نگرانی، قوانین پر موثر عملدرآمد اور رش کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور احکامات جاری کئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈی جی سیف سٹی /ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ کی زیر صدارت سیف سٹی توسیعی منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، ون نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹڈ اور سیف سٹی اسلام آباد کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس جدید کیمروں اور سمارٹ پولیسنگ کے ذریعے شہر کے مختلف چوراہوں پر ٹریفک کی خودکار نگرانی، ٹریفک قوانین پر موثر عملدرآمد، ٹریفک سگنلز کی بہتر مینجمنٹ اور رش کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی سیف سٹی / ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سمارٹ پولیسنگ کے ذریعے شہریوں کو محفوظ اور منظم ٹریفک نظام فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے جبکہ سیف سٹی توسیعی منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کی نگرانی مزید موثر، ٹریفک مسائل میں نمایاں کمی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔مزید برآں ڈی جی سیف سٹی / ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ کی زیر صدارت اسلام آباد پولیس کے مختلف تھانوں کے افسران کا ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں ایس پی آپریشنز سیف سٹی کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں، ڈائریکٹر آئی ٹی عاطف عباس اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تھانوں میں استعمال ہونے والے پولیس سافٹ ویئرز کے موثر استعمال، سیف سٹی کنٹرول روم کو24/7فعال رکھنے، عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور شفاف پولیسنگ کے فروغ سے متعلق ہدایات جاری کی گئیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سافٹ ویئرز کا روزانہ کی بنیاد پر موثر استعمال، کنٹرول روم کی مسلسل فعالیت، ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس اور عوامی شکایات کا مقررہ وقت میں ازالہ ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو فوری، شفاف اور معیاری پولیس سروسز فراہم کی جا سکیں اور پولیس پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔آخر میں ڈی جی سیف سٹی / ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور شفاف پولیسنگ کے ذریعے جرائم کی روک تھام، امن و امان کے قیام اور شہریوں کو بہترین پولیس خدمات کی فراہمی کے لیے اسلام آباد پولیس ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔







