درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں، ماحول صاف رکھنے میں مدد گار ہیں ،چوہدری محمد شریف گھمن

درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں یہ ماحول صاف رکھنے میں مدد گار بن کر انسانی صحت، جنگلی حیات ماحولیاتی توازن بر قرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں

سیالکوٹ۔ 05 جون (اے پی پی):درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں یہ ماحول صاف رکھنے میں مدد گار بن کر انسانی صحت، جنگلی حیات ماحولیاتی توازن بر قرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔عالمی یومِ ماحولیات منانے کا مقصد عوام میں ماحول دوست رویے پروان چڑھا کر قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کے ذریعہ شعور بیدار کرنا ہے۔آج بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی، درجہ حرارت میں اضافہ موسمیاتی تبدیلیاں پوری دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری محمد شریف گھمن نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ آگاہی سیمینار، واک ، شجرکاری مہم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سماجی کارکنان، طلبہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری اور صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے آگاہی واک میں حصہ لیا جبکہ مختلف مقامات پر پودے بھی لگائے گئے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری محمد شریف گھمن نے شہریوں، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور محلوں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں انکی دیکھ بھال اپنی ذمہ داری سمجھیں۔چوہدری محمد شریف گھمن نے آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرتی فلاح و بہبود اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے ایسے پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر ماحول دوست سرگرمیوں اور عوامی آگاہی مہمات کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔اس موقع پر شرکاء نے ماحول صاف، سرسبز محفوظ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اجتماعی طور پر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔