گوجرانوالہ۔ 20 مارچ (اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے ”درخت لگائیں پاکستان کے لئے“ عزم کے تحت مختلف مقامات پر پودے لگائے۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن محمد شفیق اور ممبران صوبائی اسمبلی محمد نواز چوہان، چوہدری عبدالرحمن گجر بھی موجود تھے۔ کمشنر نے پہلے سٹی سپورٹس کمپلیکس کے سبزہ زار میں پھلدار پودے لگائے اور شجرکاری مہم کی کامیابی کے لئے دعا بھی کی۔ بعدازاں انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا اور وہاں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے لگائے۔
ممبران صوبائی اسمبلی محمد نواز چوہان اور چوہدری عبدالرحمن گجر کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن محمد شفیق، اے سی جی فرخ محمود جنجوعہ، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل جام آصف کمال و دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ہدایت کی ہے۔ انشاء اللہ ”درخت لگائیں پاکستان کے لئے“ کے نعرے کو کامیاب بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات شجرکاری کے بغیر روکنا ناممکن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈویژن بھر کے تمام ادارے ترجیحی بنیادوں پر پودے لگائیں گے۔