اسلام آباد ۔ 24 جون (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حضور نبی اکرمۖ کے نام کے آغاز پر درسی کتب میں خاتم النبیین تحریر کئے جانے کی متفقہ قرارداد پر عمل کروائیں گے، مرکز اور صوبوں سے عملدرآمد کرانے کے لئے مرکزی و صوبائی حکومتوں کو خطوط بھی لکھے جائیں گے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ اس ایوان نے1974ء کے بعد ختم نبوت والے فیصلے کے بعد دو روز قبل جو قرارداد منظور ہوئی وہ تاریخی واقعہ ہے۔ اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد نے لازمی کردیا ہے کہ جہاں جہاں نصابی کتب میں نام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم آئے گا وہاں وہاں لفظ خاتم النبیینلازمی لکھا بولا اور پڑھا جائے گا۔ سپیکر آفس تمام مرکزی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ تعلیمی اداروں کو قرارداد پر عمل کے لئے خطوط لکھے اور قرارداد کی کاپیاں بھیجے قرارداد پر عمل کرانا اس ایوان کی ذمہ داری ہے۔ اس پر سپیکر نے کہا کہ یہ ہم سب کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ خاتم النبیین لازمی لکھے جانے کی متفقہ قرارداد منظور کی۔ سپیکر آفس یقینی بنائے گا کہ قرارداد پر من و عن عملدرآمد ہو۔آج ہی قرارداد صوبوں اور متعلقہ اداروں کو پہنچ جائے گی۔ فالواپ چیک کیا جائے گا کہ کتنا عمل ہورہا ہے۔