دریائے راوی ،ستلج اور چناب میں سیلاب کے نقصانات بارے رپورٹ جاری

لاہور۔18ستمبر (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق دریائے راوی ستلج اور چناب میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث 47سو سے زائد موضع جات متاثر ہو چکے ہیں جبکہ دریاوں میں سیلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 47 لاکھ 23 ہزار لوگ متاثر ہوئے۔ …

لاہور۔18ستمبر (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق دریائے راوی ستلج اور چناب میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث 47سو سے زائد موضع جات متاثر ہو چکے ہیں

جبکہ دریاوں میں سیلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 47 لاکھ 23 ہزار لوگ متاثر ہوئے۔ متاثرین کی مدد کے لیے شدید سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 329 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سیلاب سے متاثر ہونے والے اضلاع میں 425 میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیںجبکہ سیلاب میں پھنس جانے والے 26 لاکھ 14 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ مویشیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 367 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

متاثرہ اضلاع میں ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں میں 20 لاکھ 90 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ اس وقت منگلا ڈیم 95 فیصد جبکہ تربیلا ڈیم 100 فیصد، دریائے ستلج پر موجود انڈین بھاکڑا ڈیم 88 فیصد،پونگ ڈیم 94 فیصد جبکہ تھین ڈیم 88 فیصد تک بھر چکا ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق حالیہ سیلاب سے مختلف حادثات میں 119 شہری جانبحق ہوئے۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اس کے لیے سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کا جلد آغاز کر دیا جائے گا ۔ سروے مکمل ہونے پر شفافیت اور آسان طریقہ کار سے شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔