اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ دشمن سارے کارڈز کھیل کر ناکام رہا ہے، اب فرقہ واریت کا کارڈ کھیلنا چاہتا ہے، تمام مکاتب فکر کے علماءپاکستان کے پرچم تلے ایک ہیں، اگر کوئی صحابہ کرامؓ و امہات المومنینؓ اور اہلبیت عظام کی توہین کرتا ہے تو اس سے سب علیحدگی اختیار کریں۔ پیر کو پیغام امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال تشویشناک ہے، مجالس محافل اور سوشل میڈیا پر تشدد کی لہر آ گئی ہے، بعض اوقات کچھ غیر محتاط لوگ ایسی زبان استعمال کرتے ہیں جو فساد کی وجہ بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تکفیر و توہین سے نکل کر اتحاد امت کا پیغام دینا ہے، انتشار اور تفرقہ بازی کی کوششیں ناکام بنائیں گے، انتشار شیطانی جبکہ اتحاد رحمانی کوشش ہے، اپنے مسلک کو نہ چھوڑو دوسرے کے مسلک کو نہ چھیڑو، پر عمل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں جوانی کے اوائل میں ایران گیا اور 40 سپاروں والا قرآن ڈھونڈتا رہا مگر مجھے کہیں نہیں ملا، اگر کوئی صحابہ کرامؓ و امہات المومنینؓ اور اہلبیت عظام کی توہین کرتا ہے تو اس سے سب برات کا اعلان کریں۔ توہین اور تکفیر پر شیعہ اور سنی ایک ہی مو¿قف اختیار کریں۔ پاکستان سنی، اہلحدیث، شیعہ، ہندو، مسیحی، پارسی سمیت سب کا ہے، مندر کے حوالہ سے تمام پہلوﺅں کو دیکھا جائے گا، علماءکرام کی رائے اور اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھا جائے گا۔ اسلامی نظریاتی کونسل کو مندر کے ایشو پر رائے دینے کا کہا گیا ہے ان کی رائے کا احترام کیا جائے گا۔