دمشق ایئرپورٹ پرہفتے میں پروازیں آنا شروع ہوجائیں گی، شامی وزیر ٹرانسپورٹ

127

دمشق۔17دسمبر (اے پی پی):شام کے وزیر ٹرانسپورٹ بہاء الدین شرم نے کہا کہ دمشق ایئرپورٹ پر ایک ہفتے میں پروازوں کی آمد شروع ہو جائے گی۔

العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے بیان میں کہا کہ ہم نے دمشق کے ہوائی اڈے پر تمام کارکنوں کو کام پر واپس آنے کو کہا ہے۔ ہوائی اڈے نے اس سے قبل پائلٹوں کو پروازوں کی حفاظت کے لیے "نوٹم” نوٹس جاری کیا تھا جس میں 18 دسمبر تک تمام پروازوں کی منسوخی کی تصدیق کی گئی تھی۔

نوٹس کے متن کے مطابق دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والی تمام پروازیں 18 دسمبر تک معطل کر دی گئی تھیں۔

حلب بین الاقوامی ہوائی اڈے نے بھی اسی طرح کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 دسمبر کی شام تک تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر انیس فلوح نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد شامی دارالحکومت کے ہوائی اڈے سے تمام پروازیں بند کر دیے جانے کے بعد ہوائی اڈہ چند دنوں میں آپریشنز دوبارہ شروع کر دے گا۔