دنیا بھر میں رواں سال الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ 30 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔ قازانفارم کے مطابق یہ بات بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے)نے اپنی نئی رپورٹ میں کہی۔
دنیا بھر میں رواں سال الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ 30 فیصد تک پہنچنے کا امکان

مزید خبریں
آستانہ۔25مئی (اے پی پی):دنیا بھر میں رواں سال الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ 30 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔ قازانفارم کے مطابق یہ بات بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے)نے اپنی نئی رپورٹ میں کہی۔ رپورٹ کے مطابق 2026 میں دنیا بھر میں الیکٹرک گاڑیوں (ای ویز) کی فروخت میں مزید اضافہ متوقع ہے جو 2 کروڑ 30 لاکھ یونٹس تک پہنچ جائے گی اور عالمی سطح پر فروخت ہونے والی مجموعی گاڑیوں کا تقریباً 30 فیصد حصہ بنائے گی۔رپورٹ میں جنوب مشرقی ایشیا کو ایک ایسا خطہ قرار دیا گیا ہے جہاں الیکٹرک گاڑیوں کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ سال اس خطے میں ای وی فروخت دوگنا سے بھی زیادہ رہی، جس کے بعد مارکیٹ شیئر تقریباً 20 فیصد تک پہنچ گیا۔
تازہ اندازوں کے مطابق اگر قیمتوں اور حکومتی پالیسیوں میں سازگار صورتحال برقرار رہی تو 2035 تک یہ شرح 60 فیصد تک جا سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق ویتنام سمیت جنوب مشرقی ایشیا کے کئی ممالک نے توانائی بحران کے تناظر میں ٹیکس مراعات میں توسیع یا نئے اقدامات کا اعلان بھی کیا ہے۔ ویتنام اس وقت خطے کی سب سے بڑی ای وی مارکیٹ سمجھا جاتا ہے۔دنیا بھر میں درآمد کی جانے والی نصف سے زیادہ الیکٹرک گاڑیاں چین سے آتی ہیں۔ چین بدستور دنیا کا سب سے بڑا ای وی پیداواری مرکز ہے، جہاں 2025 کے دوران عالمی سطح پر تیار ہونے والی 2 کروڑ 20 لاکھ الیکٹرک گاڑیوں میں سے تقریباً تین چوتھائی تیار کی گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقامی طلب سے زیادہ پیداوار کے باعث چینی الیکٹرک گاڑیوں کی برآمدات دوگنا ہو کر 25 لاکھ یونٹس کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئیں۔ چین، یورپ اور امریکا کے علاوہ باقی دنیا میں فروخت ہونے والی 55 فیصد الیکٹرک گاڑیاں چین سے درآمد کی جاتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق اہم عالمی مارکیٹس میں الیکٹرک گاڑیاں تیزی سے قیمت کے لحاظ سے مسابقتی بنتی جا رہی ہیں، جس سے خاص طور پر ایندھن کی غیر مستحکم قیمتوں سے پریشان صارفین کی طلب میں مزید اضافہ متوقع ہے۔اندازوں کے مطابق 2035 تک دنیا بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کا مجموعی بیڑا (دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے علاوہ) بڑھ کر 51 کروڑ تک پہنچ جائے گا جبکہ اس وقت یہ تعداد تقریباً 8 کروڑ ہے۔








