اقوام متحدہ کے تعلیمی ادارے یونیسکو نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سکولوں سے باہر بچوں اور نوجوانوں کی تعداد مسلسل ساتویں سال بڑھ کر 273 ملین تک پہنچ گئی ہے ۔
دنیا بھر میں سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد مسلسل ساتویں سال اضافے کے ساتھ 273 ملین تک پہنچ گئی ، یونیسکو رپورٹ

مزید خبریں
پیرس۔26مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ کے تعلیمی ادارے یونیسکو نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سکولوں سے باہر بچوں اور نوجوانوں کی تعداد مسلسل ساتویں سال بڑھ کر 273 ملین تک پہنچ گئی ہے ۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یونیسکو کی 2026 گلوبل ایجوکیشن مانیٹرنگ (GEM) رپورٹ کے مطابق سکول جانے کی عمر کے ہر 6میں سے ایک بچہ تعلیم سے محروم ہے جبکہ سکول جانے والوں میں سے بھی ہر تین میں سے صرف دو سیکنڈری سکول کی تعلیم مکمل کرتے ہیں۔ 2015 کے بعد سے زیادہ تر خطوں میں تعلیمی ترقی کی رفتار سست پڑ گئی ہے، جس کی بڑی وجوہات تنازعات (جنگیں) اور آبادی میں تیزی سے اضافہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاص طور پر سب صحارا افریقہ میں صورتحال زیادہ تشویشناک ہے۔ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں اصل تعداد سرکاری اعداد و شمار سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ اس کے باوجود، یونیسکو نے گزشتہ دو دہائیوں میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا ہے۔ 2000 سے اب تک ہر منٹ میں اوسطاً 25 سے زیادہ بچوں کو تعلیم تک رسائی ملی ہے، جس سے عالمی سطح پر داخلوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔ کچھ ممالک نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے سکول سے باہر بچوں کی شرح میں بڑی کمی کی ہے اور تعلیم تک رسائی کو ہر سطح پر بہتر بنایا ہے۔
تاہم رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ تعلیمی محرومی کا حل کسی ایک پالیسی سے ممکن نہیں بلکہ ہر ملک اور خطے کے حالات کے مطابق حکمتِ عملی اور مسلسل سرمایہ کاری ضروری ہے تاکہ ہر بچے کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔








