دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، ڈبلیو ایچ او

عالمی ادارہ صحت

جینوا۔1جولائی (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دنیا بھر میں کورونا وائرس کے 40لاکھ سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ کیسز میں یہ 18 فیصد اضافہ ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس 47 فیصد اضافے کے ساتھ مشرق وسطی میں رپورٹ ہوئے۔ یورپ میں کورونا کیسز کی شرح میں 32 فیصد جبکہ امریکا میں 14 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی شدت میں کمی آ رہی ہے لیکن ابھی ختم نہیں ہوئی۔