دنیا طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

170

اقوام متحدہ۔10ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں ۔ انہوں نے گزشتہ روز فرانسیسی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ ہمیں طالبان کے ساتھ بات چیت کا تسلسل برقرار رکھناہو گا جو افغان عوام کے ساتھ یکجہتی کا احساس ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم شدید مشکلات سے دوچار افغانستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی جاری رکھیں جہاں لاکھوں افراد بھوک سے مر سکتے ہیں اور دنیا افغانستان میں معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے مددکرے۔

انہوں نےدنیا بھر میں افغانستان کے منجمد اثاثے جاری کرنے یا بین الاقوامی پابندیاں ختم کرنے سے متعلق کوئی مطالبہ نہیں کیا تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مالی اثاثوں سے افغانستان کی معیشت کو سہارا ملے گا ۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ بات چت کے کیا نتائج برآمد ہوں گے اس کی کوئی ضمانت نہیں ہے لیکن ہم اتنا چاہتے ہیں کہ افغانستان دہشت گردی کا مرکز نہ بنے، خواتین اور لڑکیوں کو ان کے تمام حقوق حاصل ہوں، مختلف نسلی گروہوں کو نمائندگی حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ افغانستان میں جامع حکومت کی تشکیل کا خواہشمند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے ساتھ ساتھ لوگوں کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان چاہتے ہیں کہ انہیں دنیا میں تسلیم کیا جائے، ان کی مالی مدد کی جائے اور پابندیاں ختم کی جائیں جو بین الاقوامی برادری کے لیے فائدہ مند ہے ۔