دنیا عالمی جنگ کے دھانےپر پہنچ چکی ہے ، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔7فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس کہا کہ دنیا عالمی جنگ کے دھانےپر پہنچ چکی ہے اور ایسا انجانے میں نہیں ہو رہا بلکہ عالمی برادری کھلی آنکھوں سے اور تیزی سے اس جنگ کی طرف بڑھ رہی ہے۔ روسی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دنیا ایک وسیع ترین جنگ کی بڑھ رہی ہے اور امن کے امکانات کم اور مزید کشیدگی اور خونریزی کے امکانات بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ سیاسی فیصلے کرنے والوں میں دور اندیشی اور بصیرت کی کمی اور تصب ان کے طرف سے درست فیصلے کرنے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔عارضی مفادات کے حصول کی سوچ نہ صرف انتہائی غیر ذمہ دارانہ بلکہ غیر اخلاقی ہے۔ سیاستدان اور کاروباری افراد کی توجہ صرف اقتدار سے چمٹے رہنے اور کاروباری مفادات پر پوری طرح مرکو ز ہو چکی ہے ۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کے اصولوں پر مبنی نظام اور بین الاقوامی قانون کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے جس کا نتیجہ دنیا کی موجودہ افسوس ناک صورتحال میں ہمارے سامنے ہے۔

اگر ہر ملک اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے تو اسی صورت ہی امن سے زندگی بسر کرنے کی ضمانت دی جا سکتی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کے اراکین پر زور دیا کہ وہ عالمی ادارے کے منشور پر کاربند رہنے کا دوبارہ عہد کرتے ہوئے امن کے لیے اپنے نقطہ نظر کو تبدیل کریں اور انسانی حقوق اور وقار کو اولین ترجیح دیں۔انہوں نے کہا کہ اب تما م عالمی رہنماوں کو آنکھیں کھولنے اور مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔