فیصل آباد۔ 26 دسمبر (اے پی پی):دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستان کی نیلی راوی اور ساہیوال نسل کی گائیوں و بھینسوں کی مانگ میں اضافہ ہو گیاہے جس کی روشنی میں پاکستان نے ملائیشیا، انڈونیشیا اور ترکی کو گائیاں و بھینسیں برآمد کرنے کافیصلہ کیاہے تاکہ ان کی برآمد سے قیمتی زرمبادلہ کا حصول ممکن بنایاجاسکے۔
ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز و لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے ماہرین نے بتایاکہ پاکستان کی نیلی راوی اور ساہیوال نسل کی گائیوں و بھینسوں کو گوشت و دودھ کی شاندار پیداوار کے باعث انتہائی پسند کیاجارہاہے اور مختلف ممالک کی جانب سے ان گائیوں و بھینسوں کی خرید میں دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملائیشیا،ترکی اور انڈونیشیا کی حکومتوں نے پاکستان سے نیلی راوی اور ساہیوال نسل کی گائیوں و بھینسوں کی درآمد کیلئے درخواست کی ہے جبکہ وہاں کے لائیو سٹاک فارمرز بھی متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے رابطہ کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ پاکستانی مویشی پال حضرات اور لائیو سٹاک فارمرز کو چاہیے کہ وہ بھی گوشت اور دودھ کی شاندار پیداوار کے حصول کیلئے نیلی راوی اور ساہیوال نسل کی گائیوں و بھینسوں کی افزائش نسل میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ معیشت کو استحکام حاصل ہوسکے۔