دنیا ہمارا گھر ہے جہاں ہمیں بھائی بھائی بن کر رہناہے،بشپ آف فیصل آباد اندریاس رحمت کا کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب

فیصل آباد۔25دسمبر (اے پی پی):بشپ آف فیصل آباد اندریاس رحمت نے کہا ہے کہ پاپائے اعظم کا پیغام ہے کہ دنیا ہمارا گھر ہے جہاں ہمیں بھائی بھائی بن کر رہناہے جبکہ کرسمس کا پیغام امن اور صلح کا پیغام ہے جس کی ہر دور میں اہمیت رہی ہے جس کے برعکس جنگوں سے تباہی آتی اور بدنیت لوگ اسلحہ بناتے لیکن نیک نیت لوگ اکٹھے ہو کر امن کا …

فیصل آباد۔25دسمبر (اے پی پی):بشپ آف فیصل آباد اندریاس رحمت نے کہا ہے کہ پاپائے اعظم کا پیغام ہے کہ دنیا ہمارا گھر ہے جہاں ہمیں بھائی بھائی بن کر رہناہے جبکہ کرسمس کا پیغام امن اور صلح کا پیغام ہے جس کی ہر دور میں اہمیت رہی ہے جس کے برعکس جنگوں سے تباہی آتی اور بدنیت لوگ اسلحہ بناتے لیکن نیک نیت لوگ اکٹھے ہو کر امن کا پیغام دیتے ہیں۔جمعہ کے روز کیتھولک چرچ میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں نفرتوں سے بچنے، بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے،چیزوں کے ضیاع اور آلودگی سے بچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات ہوں تو ہر طرف امن ہوتا ہے ورنہ ہڑتالیں اور بدامنی پھیلتی ہے لہٰذا ہمیں مل جل کر سلامتی کے پیغام کو پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بار بار اکٹھے ہوتے رہیں گے تو سیکھیں گے نیزجب ایک دوسرے کو سمجھیں گے تو ہی مسائل حل ہوں گے اور امن کا پیغام سب تک پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے کیونکہ مسیحی کمیونٹی نے بھی قیام پاکستان میں قائد اعظم کا ساتھ دیا اور اپنا ووٹ پاکستان اور قائداعظم کے لئے استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان بناتے وقت کرسچین کمیونٹی کا خاص خیال رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل مسلم اور غیر مسلم کی وجہ سے نہیں ہیں بلکہ طاقت ور اور کمزور کے درمیان فرق کی وجہ سے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب پیار سکھاتے اور بتاتے ہیں کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے لیکن ان باتوں کو اب کتابوں سے نکل کر عمل میں آنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین پر عمل کرتے ہوئے تمام اقلیتوں کو پاکستانی شہری کے حقوق ملنے چاہئیں۔تقریب میں فادر پرویز گلزار،ماریہ سہوترا اور دیگر مسیحی رہنماؤں سمیت کرسچین کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب کے اختتام پر کرسمس کیک بھی کاٹا گیا۔

مزید خبریں