دور دراز علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے ، سی ای او ہیلتھ بھکر

3
Deputy Commissioner Muhammad Ashraf
Deputy Commissioner Muhammad Ashraf

بھکر۔ 18 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربھکر محمد اشرف کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھکر کے طول و عرض میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ صحت متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ و پاپولیشن ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ نے بنیادی مرکز صحت شہیداں کا دورہ کیا۔دورے کے دوران سی ای او ہیلتھ نے طبی عملہ کی حاضری،دستیاب سہولیات، ادویات کے ریکارڈ اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے موقع پر موجود عملے کو عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی قیادت میں محکمہ صحت کا بنیادی مقصد دور دراز علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے تاکہ وہ حقیقی معنوں میں ہیلتھ سروسز سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام مراکز صحت میں سروسز کی بہتری کے لیے مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا اور کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔