دوست ممالک کے سفارتی وفود نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا۔
دوست ممالک کے سفارتی وفود کا نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):دوست ممالک کے سفارتی وفود نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وفد کو پاکستان کے جدید اور پیشگی اقدامات پر مبنی آفات سے نمٹنے کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔منگل کواین ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق آن لائن شرکاء سمیت 65 ممالک کے نمائندگان نے اجلاس میں بھر پور شرکت کی۔این ڈی ایم اے کی جانب سے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر کی تکنیکی اور صلاحیتی دائرہ کار پر بھی بریفنگ دی گئی۔ سفارتکاروں کو این ڈی ایم اے کے آفات سے نمٹنے اور خطرات کی پیشگی تشخیص کے حوالے سے ڈیجیٹل پورٹلز سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ این ای او سی موسمی تبدیلیوں پر منحصر ممکنہ خطرات اور قدرتی آفات کے حوالے سے 6 ماہ قبل پیشگی انتباہی نظام کی صلاحیت رکھتا ہے۔وفد کو2026کے دوران پاکستان اور دیگر ممالک کو درپیش ممکنہ خطرات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وفد کو لینز پاکستان 2026 کے ذریعے ملک بھر میں ممکنہ خطرات اور موسمی صورتحال کی پیشگی جائزہ پر بریفنگ دی گئی۔گلوبل ڈیزاسٹر لینز 2026 کے ذریعے عالمی سطح پر موسمیاتی رجحانات اور ممکنہ خطرات کی تشخیص کے نظام سے بھی آگاہ کیا گیا۔خطرات کی پیشگی آگاہی کے پروگرام کے تحت آئندہ تین ماہ کے ممکنہ خطرات اور موسمی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے گلوبل ڈیزاسٹر موبائل ایپلیکیشنز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بریفنگ دیتےہویئے کہا کہ این ڈی ایم اے جدید ماڈلز اور ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے دوست ممالک کو بھی آفات اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے ضروری معلومات فراہم کر رہا ہے۔ وفد نے پاکستان کے جدید، مربوط اور پیشگی اقدامات پر مبنی آفات سے نمٹنے کے نظام کو سراہا۔معزز سفیروں نے آفات سے نمٹنے کے لئے علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔دورے کے اختتام پرشراکاء کی جانب سے آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے لئے مشترکہ اقدامات کے عزم کا اظہارکیا گیا۔








