دوطرفہ اور تجارتی تعلقات کے فروغ میں چینی سفیر نونگ رونگ کی شاندار خدمات قابل تحسین ہیں، میاں کاشف اشفاق

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر نونگ رونگ کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جمعہ کو زوم کے ذریعے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وقت …

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر نونگ رونگ کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

جمعہ کو زوم کے ذریعے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا ہے کہ چین اور پاکستان کی دوستی پہاڑوں سے بلند اور سمندر سے گہری ہے، نونگ رونگ کے تعیناتی کے شاندار برسوں میں دونوں ممالک کے مابین اہم شعبوں میں عملی تعاون اور چین پاکستان تعلقات کو فروغ حاصل ہوا، سی پیک پر تیزی سے پیشرفت ہوئی اور دوطرفہ تجارت نے بھی تیزی سے ترقی کی جبکہ چین پاکستان آزادانہ تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے نے بھی گہرے و مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک چین پاکستان کمیونٹی اور مشترکہ مستقبل کی تعمیر کی طرف بڑی تیزی سے پیش رفت کر رہے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون بلند سطح پر ہے اور چین مسلسل آٹھ سال سے پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ خاص طور پر چین کو پاکستان کی زرعی برآمدات تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور چین پاکستان کی تیسری بڑی برآمدی مارکیٹ بن چکا ہے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستانی برآمد و درآمد کنندگان کو دورہ چین کے لیے سہولیات فراہم کرنے میں چین کے سفارتخانہ کا کردار قابل تحسین ہے۔

 

مزید خبریں