وزیراعلیٰ پنجاب کے اسسٹیو ڈیوائسز فلیگ شپ پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ، معذور افراد کو جدید معاون آلات کی فراہمی کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب کے اسسٹیو ڈیوائسز فلیگ شپ پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ، معذور افراد کو جدید معاون آلات کی فراہمی کا فیصلہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 02 جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر عبدالرحمن خان کی صدارت میں وزیراعلیٰ پنجاب کے اسسٹیو ڈیوائسز فلیگ شپ پروگرام کے تحت خصوصی اجلاس ڈی سی کمپلیکس میں منعقد ہوا،جس میں ضلع راولپنڈی میں معذور افراد کو معاون آلات کی فراہمی، روزگار کے مواقع اور سرکاری و نجی عمارتوں میں ان کے لیے آسان رسائی سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر، ضلعی زکوٰۃ افسر، ٹیوٹا (TEVTA)، محکمہ تعلیم، محکمہ سپیشل ایجوکیشن، محکمہ لیبر، پیسی سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت مستحق معذور افراد کو وہیل چیئرز، الیکٹرک وہیل چیئرز، سماعتی آلات، سفید چھڑیاں اور بریل بورڈز فراہم کیے جائیں گے تاکہ انہیں روزمرہ زندگی میں خودمختاری اور سہولت میسر آ سکے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ’’مریم کو بتائیں ‘‘ ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی 18 درخواستوں جبکہ جنرل کیٹیگری کی 19 درخواستوں کا میرٹ پر جائزہ لے کر مستحق افراد کا انتخاب کیا گیا ہے۔
متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ تمام منتخب درخواست گزاروں کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق جلد از جلد معاون آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر عبدالرحمن خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ فلیگ شپ پروگرام خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو جدید معاون آلات کی فراہمی سے نہ صرف ان کی نقل و حرکت اور روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ انہیں تعلیم، روزگار اور سماجی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مستحق افراد تک حکومتی سہولیات شفاف، بروقت اور میرٹ کی بنیاد پر پہنچائی جائیں۔اجلاس میں معذور افراد کے لیے نجی وسرکاری اداروں میں تین فیصد ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے قوانین پر سختی سے عمل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
مزید برآں سرکاری و نجی عمارتوں میں خصوصی افراد کی آسان رسائی کے لیے بلڈنگ کوڈ 2006 پر عملدرآمد کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ تمام عوامی مقامات کو خصوصی افراد کے لیے زیادہ سے زیادہ قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خصوصی افراد کی فلاح، بااختیار بنانے اور معاشرے میں مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے مؤثر اقدامات جاری رکھیں گے۔







