منصوبہ بندی سے مناسک تک ’نسک‘ ایپ سب سے بڑی سہولت قرار
منصوبہ بندی سے مناسک تک ’نسک‘ ایپ سب سے بڑی سہولت قرار

مزید خبریں
خرم شہزاد
ریاض۔2جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اپنی آفیشل ڈیجیٹل ایپلی کیشن ’نسک‘ کے ذریعے زائرین کو فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات اور سروسز کی افادیت کو جانچنے کے لیے ایک آن لائن سروے اور فیڈ بیک مہم کا آغاز کیا ہے۔ وزارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک حالیہ پیغام میں دنیا بھر سے آئے ہوئے عازمین اور ضیوف الرحمن سے پوچھا گیا ہے کہ سفر کی منصوبہ بندی سے لے کر مناسک کی ادائیگی کے اختتام تک نسک ایپ کی کس مخصوص سروس نے ان کے لیے اس مقدس فریضے کی ادائیگی کو سب سے زیادہ آسان اور آرام دہ بنایا۔
وزارت کی جانب سے نسک ایپ کے ان تمام کلیدی فیچرز کو نمایاں کیا گیا ہے جو حج و عمرہ کے دوران عازمین کی مکمل رہنمائی کرتے ہیں۔ اس سمارٹ ایپلی کیشن کے ذریعے زائرین کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہوٹل بکنگ ، فضائی سفر اور پروازوں کی معلومات اور مشاعر مقدسہ بشمول منیٰ، مزدلفہ اور عرفات کے لیے ڈیجیٹل نقشے اور گائیڈنس فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ایپ زائرین کو مقامی سم کارڈز اور مواصلاتی سروسز کے حصول اور مناسک کی درست ادائیگی کے لیے مطوف سروسز تک آسان ڈیجیٹل رسائی بھی دیتی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے اپنے اس ڈیجیٹل پیغام میں خصوصی ہیش ٹیگز کا استعمال کرتے ہوئے حج سیزن کی کامیابی اور زائرین کے بہترین استقبال کی عکاسی کی ہے۔
وزارت حج کا کہنا ہے کہ ان تمام جدید سروسز کا بنیادی مقصد خادم الحرمین الشریفین کے وژن کے تحت روایتی طریقوں کے بجائے جدید ترین سمارٹ ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج و عمرہ کو فول پروف اور سہولت سے بھرپور ماحول مہیا کیا جا سکے۔
زائرین سے حاصل ہونے والے اس فیڈ بیک اور آراء کی روشنی میں ان سروسز کو مستقبل کے مہمات کے لیے مزید جدید اور موثر بنایا جائے گا۔







