دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے سی ٹی ڈی کا کردار ناقابل فراموش ہے،مریم نواز شریف

95
دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے سی ٹی ڈی کا کردار ناقابل فراموش ہے،مریم نواز شریف

لاہور۔20مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ دہشت گردی کے سدباب کے لئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے سی ٹی ڈی کا کردار ناقابل فراموش اور معاشی ترقی کے لئے پائیدارامن و استحکام ناگزیر ہے،عوام کے جان و مال کی حفاظت سے بڑی قومی خدمت نہیں ہوسکتی، اسلام کے نام پر انتہا پسندی اور قتل و غارت قابل مذمت ہے۔

وزیر اعلی کی زیر صدارت انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا،جس میں سی ٹی ڈی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی وسیم احمد خان نے سی ٹی ڈی کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ مریم نواز نے سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان گمنام ہیرو ہیں، سلوٹ پیش کرتی ہوں، سی ٹی ڈی جیسے ادارے کے قیام کا کریڈٹ محمد شہباز شریف کو جاتا ہے،سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان قابل تحسین قومی خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان صلہ و ستائش کی پروا کئے بغیر سرگرم عمل ہیں، امن و امان کے لئے کوشاں ادارے کے لئے تمام تر وسائل مہیا کئے جائیں گے، پنجاب کی ترقی، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کا مشن پائیدار امن و امان کے بغیر ممکن نہیں۔وزیر اعلی نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کا دورہ بھی کیا، خواتین افسروں سے ملاقات کی اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

مریم نواز نے جم کا افتتاح کیا اور دورہ بھی کیا۔وزیر اعلی ڈے کیئر سینٹر میں بچوں کے ساتھ بیٹھ گئیں اور باتیں کرتی رہیں۔صوبائی مشیر پرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، خزانہ، آئی جی پنجاب پولیس، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔