دہشت گردی کئی مسائل کی جڑ ،اس نے مختلف نظاموں کی خامیوں و عدم استحکام سے اپنے اثرورسوخ میں اضافہ کیا ، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔30مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی بہت سے مسائل کی جڑ ہے جس نے سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی نظاموں کی خامیوں اور عدم استحکام سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے اثر ورسوخ میں اضافہ کیا ۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے سلامتی کونسل میں “اقوام متحدہ ، علاقائی تنظیموں اور میکانزم کے درمیان تعاون کو مضبوط بنا کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا اور تشدد کی روک تھام” کے عنوان پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہی ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی متعدد مسائل کی جڑ ہے جس نے سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی نظاموں کی خامیوں اور عدم استحکام سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے اثرِ ورسوخ میں اضافہ کیا ہے۔اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دہشت گردی کے حوالے سے افریقا میں صورتحال خاصی تشویشناک ہے، سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مایوسی، غربت، بھوک، بنیادی خدمات کی کمی اور بے روزگاری جیسی وجوہات دہشت گرد گروہوں کے پھیلاؤ کے لیے زمین ہموار کر رہی ہیں۔انتونیو گوتریش نے کہا کہ جس طرح دہشت گردی لوگوں کو الگ کر دیتی ہے اسی طرح اس کے خلاف مزاحمت کرنا ممالک کو اکٹھا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے افریقی ممالک کے ساتھ ہے، اس میں سلامتی کونسل کی سیاسی رہنمائی، مدد اور پابندیاں بھی شامل ہیں۔ یواین سیکرٹری جنرل نے اس امر پر بھی زور دیا کہ انسداد دہشت گردی کو انسانی حقوق کے مرکز میں جگہ دی جانی چاہیے۔یہ بتاتے ہوئے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف افریقی یونین اور علاقائی اور ذیلی علاقائی تنظیموں کے ساتھ قریبی تعاون میں کام کر رہے ہیں، انتونیو گوتریش نے کہا کہ وہ جلد ہی نائجیریا کے ساتھ افریقی انسداد دہشت گردی سمٹ کا اہتمام کریں گے۔