دیارِ غیر کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے لیے نئی امید: پاکستان اور کینیڈا کا مشترکہ قانونی مشن قائم

دیارِ غیر کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے لیے نئی امید: پاکستان اور کینیڈا کا مشترکہ قانونی مشن قائم

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):سمندر پار قید پاکستانیوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے ایک بڑے عالمی اشتراک کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کینیڈین ہائی کمیشن اور جسٹس پراجیکٹ پاکستان (جے پی پی) نے مشترکہ طور پر ‘ڈیٹینڈ ایبراڈ’ (Detained Abroad) کے نام سے ایک جدید ڈیجیٹل ریگولیٹری پلیٹ فارم متعارف کرادیا ہے ، جس کا مقصد دنیا بھر، بالخصوص انڈو پیسیفک خطے میں قید21 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے قانونی حقوق اور قونصلر رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف قیدیوں کے لیے ایک قانونی ڈھال ثابت ہوگا بلکہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے تحفظ کی جانب ایک سنگ میل بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں مقیم کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے کہا کہ کینیڈا کی حکومت اس منفرد منصوبے کی حمایت پر فخر محسوس کرتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ پورٹل انڈو پیسیفک خطے میں مقیم کینیڈین، پاکستانی اور دیگر قومیتوں کے شہریوں کو بروقت قانونی مدد فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، تاکہ کسی بھی شہری کو قانونی حق سے محروم نہ رکھا جا سکے۔سینیٹر ذیشان خانزادہ نے سمندر پار پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے حقوق کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اکثر پاکستانی زبان اور غیر ملکی قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ یہ پورٹل ان تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔جسٹس پراجیکٹ پاکستان کے ایڈووکیسی لیڈ حارث ذکی نے پورٹل کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم قیدیوں کے خاندانوں اور وکلاء کو متعلقہ ممالک کے سزائے موت کے قوانین سے آگاہ کرے گا۔

قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک کی روک تھام اور ان کی وطن واپسی کے طریقہ کار کو شفاف بنائے گا۔قانونی ماہرین، سفارت کاروں اور سول سوسائٹی کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کی جائے گی۔تقریب میں انسانی حقوق کی پارلیمانی کمیٹی کے ارکان، رکن قومی اسمبلی الیاس چوہدری، سیکرٹری وزارتِ اوورسیز پاکستانیز ندیم اسلم کے علاوہ پرتگال کی سفیر، یورپی یونین کے نمائندوں اور آئرلینڈ کے سفارتی حکام نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس پورٹل کے ذریعے بین الاقوامی انسانی حقوق کے معیارات کے مطابق قونصلر رسائی کے عمل کو مزید شفاف اور تیز بنایا جائے گا۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔