دیپالپور کے علاقہ میں بجلی چوری کیخلاف کارروائی، 13 لاکھ سے زائد کا ڈیٹیکشن بل جاری

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں اوکاڑہ سرکل میں ایک اہم کارروائی عمل میں لائی گئی

لاہور۔8جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں اوکاڑہ سرکل میں ایک اہم کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ترجمان لیسکوکے مطابق سپرنٹنڈنگ انجینئر اوکاڑہ سرکل سید قربان علی شاہ اور ایکسین دیپالپور ڈویژن انجینئر تبسم طاہر را کی نگرانی میں لیسکو ٹیم نے دیپالپور اربن سب ڈویژن کے علاقے مہتاب والا میں اینٹی تھیفٹ ریڈ کیا۔کارروائی کے دوران ایک صارف کو ٹرانسفارمر کی بشز سے اضافی کیبلز کے ذریعے براہِ راست بجلی استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ موقع پر میٹر اور متعلقہ سامان قبضے میں لے کر اتار دیا گیا جبکہ بجلی چوری کی تمام تفصیلات ریکارڈ کر لی گئی۔ ترجمان کے مطابق مذکورہ کنکشن کو 39,450 یونٹس کی بجلی چوری کرتے ہوئے ڈیٹیکٹ کیا گیا جس پر 13 لاکھ 80 ہزار 109 روپے کا ڈیٹیکشن بل عائد کیا گیا ہے جبکہ مقدمہ درج کروا کر مزید قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے فیلڈ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ بجلی چوری کے خاتمے اور ریکوری اہداف کے حصول کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔